سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئےامریکہ کی نجی شعبہ اور تارکینِ وطن پاکستانیوں کو تحریک

اسلام آباد (۲۱ مارچ ۲۰۲۳ء)- پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نےامریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے زیرِ اہتمام ۲۱ مارچ کو یہاں منعقدہ ایک کانفرنس میں پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کی بحالی کے عمل میں  پاکستانی نژاد امریکی شہریوں اور نجی شعبہ کی گرانقدر خدمات کو اُجاگر کیا ۔ واضح رہے کہ امریکی حکومت نے اب تک سیلاب سے بحالی، دوبارہ آباد کاری اور تحفظ خوراک کے لیے بِیس کروڑ ڈالر کی رقم کا وعدہ کیا ہے  جبکہ امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن نے اس عمل کے لیےچار کروڑ بیِس لاکھ ڈالر امداد دی ہے۔

کانفرنس سے اپنے خطاب میں امریکی سفیر نے پاکستان اور امریکہ کے مابین دیرپا شراکت کا ذکر کیا کہ کس طرح اس شراکت داری نے پاکستان کی معاشی ترقی کو بڑھاوا دیا  اور معاشرتی اورانسانی ہمدردی کے مسائل کو اُجاگر کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان "سبز اتحاد” (گرین الائنس) کے لائحہ عمل  کے ذریعہ موسمیاتی تغیرات سے نبرد آزما ہونے کی ضرورت پر زور دیا  اور پاکستانی نژاد امریکی شہریوں  اور پاکستان میں نجی شعبہ کے تجارتی اداروں کی مدد کے لیے امریکی عزم کا اظہار کیا تاکہ موسمیاتی بحالی، توانائی میں تبدیلی، اقتصادی نمو اور ترقی کے مقاصد پورے کیے جا سکیں۔

کانفرنس نے ۲۰ دسمبر ۲۰۲۲ء اور ۲۵ جنوری ۲۰۲۳ء کو منعقدہ اپنے  دو اجلاسوں کے دوران قائم تحرک کو جاری رکھتے ہوئےیو ایس ایڈ کے تحت ساڑھے سات کروڑ ڈالر پر مشتمل مفاہمت کی چھ یادداشتوں پر دستخط کیے۔ کانفرنس میں ہونے والی گفت و شنید کے نتیجے میں سیلاب سے متاثرہ آبادی کی بحالی کے لیے اضافی امداد اور سرمایہ کاری کے حصول میں بھی مدد ملی۔

امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن، ممتاز مقامی کاروباری رہنماؤں، امریکی تاجر نمائندوں اور پاکستانی حکام سمیت تقریباً دو سو افراد نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔ شرکاء نے ٹیکنالوجی کے شعبہ میں درپیش مشکلات ومواقع اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

ریاستہائے متحدہ امریکہ  پاکستان میں ٹیکنالوجی،  انسانی امداد اور  سماجی  و تجارتی شعبہ کے مسائل  کا حل تلاش کرنے  اور پاکستان کے ترقی کے اہداف کو فروغ دینے کے لیے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے  ساتھ شراکت داری  کے اپنےٹھوس عزم پر کاربند ہے۔

###