اسلا م آباد (یکم فروری، ۲۰۱۸ء) __ ا مریکی نائب معاون وزیر خارجہ برائے مردم شماری، پناہ گزین وترکِ وطن ،نینسی ایزو جیکسن نے رواں ہفتے پاکستان کے دورے کے موقع پردنیا کی سب سے بڑی پناہ گزین آبادیوں میں سے ایک آبادی کی لگ بھگ چالیس سال تک میزبانی کرنے پر پاکستان کی سخاوت ودریا دلی کا اعتراف کیا۔ انہوں نے حکومت ِپاکستان پرزوردیاکہ وہ اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر)اور افغان حکومت کے ساتھ مل کر ایسے منصوبے پر کام کرے جو افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ، مستقل اور باعزت واپسی میں معاون ثابت ہو۔
امریکہ نے ۲۰۰۲ء کے بعد سے، پاکستان اور خطے میں ، انسانی ہمدردی کی بنیادوں پرسب سے زیادہ امداد دینے والے ملک کے طور پر یو این ایچ سی آر اور دوسرے اشتراک کاروں کے توسط سے ، تقریبًا دو اعشاریہ نو (۲.۹) ارب ڈالر افغان پناہ گزینوں، واپس جانے والوں ، متاثرہ افغان آبادیوں اور پاکستانی اور دیگر میزبان کمیونٹی کو فراہم کئے ۔
نائب معاون وزیر خارجہ نینسی ایزو نے پاکستان میں قیام کے دوران، ریاستی اور سرحدی امور(سیفران) کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقادر بلوچ، پاکستان آرمی کے چیف آف جنرل اسٹاف ، جنرل بلال اکبراور وزارت خارجہ ،وزارت داخلہ اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائےافغان پناہ گزین کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کی۔ علاوہ ازیں نینسی ایزو نے پاکستان میں افغان سفیر ڈاکٹر عمر زخیلوال سے بھی ملاقات کی۔