اسلام آباد ( ۶ ِ اگست ۲۰۱۸ ء)- اسلام آباد پولیس تسلیم کرتی ہے کہ ملک میں سلامتی کی صورت حال کو مستحکم بنانے کی خاطر نوجوان پاکستانیوں کے ذہن میں پولیس کا مثبت تاثر پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔ پولیس نے اس نصب العین کے پیش نظرامریکی سفارتخانہ کی اعانت سے سالانہ سمریوتھ کیمپ کا انعقاد کیا ،جس میں لگ بھگ ۵۰۰ بچوں نے شرکت کی۔ اسلام آباد پولیس لائن میں منعقد کئے گئے چھ ہفتوں پر مبنی اس بے حد کامیاب پروگرام کے لئے مالی اعانت امریکی سفارتخانہ کے بین الاقوامی ادارہ برائے انسدادِ منشیات و نفاذ ِقانون امور ( آئی این ایل) اور دیگر سہولتیں امریکی محکمہ انصاف کے تربیتی امداد پروگرام برائے بین الاقوامی فوجداری تحقیق نے فراہم کیں۔
مذکورہ پروگرام میں اسلام آباد اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ۶ سے ۱۴ سال کی عمر کے ۳۴۶ لڑکوں اور ۱۴۷ لڑکیوں کو ایک مہینے کے لئے تفریحی سرگرمیوں اور کھیلوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کئے گئے ،جس کے دوران میں اسلام آباد پولیس کے چاق و چوبند اہلکاروں نے بچوں کو پیراکی، تیر اندازی، گھڑسواری، جمناسٹکس، بنیادی طبی امداد، ٹریفک قوانین اور مارشل آرٹ کی تربیت دی۔
اس میل جول نے عام شہریوں کو مقامی پولیس اہلکاروں سے ملاقات کا مثبت ماحول فراہم کیا کہ وہ پولیس والوں کو بھی اپنے پڑوسی اور بال بچے دار شہریوں کے طور پر دیکھیں جن کی اقدار بھی دوسرے لوگوں کی اقدار کی مانندہوتی ہیں۔ پروگرام کی توسط سے عوام اور محافظوں کے درمیان بے تکلف مباحثہ کا اہتمام بھی ہوا جس سے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور عوام کے درمیان اعتماد کے فقدان کوختم کرنے کا بھی موقع ملاجو عام طور پر شہریوں اور پولیس کے درمیان بات چیت کم ہونے کے باعث پایا جاتا ہے۔
اس طرز کا پہلا سمر یوتھ کیمپ ۲۰۱۴ ء میں منعقد کیا گیا تھا ،جس میں ۳۲۵ بچوں نے شرکت کی تھی۔ حالیہ دنوں میں ہونے والے پروگرام میں شرکت کا تناسب گزشتہ چار سالوں کے دوران ہونے والے پروگراموں کی نسبت مجموعی طور پر ۳۰ فیصد زیادہ دیکھنے میں آیا ، جو کہ اس سالانہ پروگرام کی شاندار کامیابی اور بچوں اور انکے والدین میں مقبولیت کی عکاسی کرتاہے۔
امریکہ اور پاکستان کم وبیش چالیس سال سے، شہریوں کی حفاظت اور پولیس کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم ِعمل ہیں ۔ بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا ء انفورسمنٹ (آئی این ایل)۹۰ سے زائد ممالک میں جرائم اور بدعنوانی کے خاتمے، منشیات کے دھندے کے سدباب، پولیس اداروں کی بہتری اور منصفانہ اور شفاف عدالتی نظام کی ترویج پر کام کررہاہے۔ آئی این ایل کے بارے میں مزید جاننے کے لیے درج ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کریں: