فلبرائٹ الومنائی نیٹ ورک کی ۱۵ ویں سالانہ کانفرنس میں اُبھرتی ہوئی قیادت کو خراج تحسین

اسلام آباد ( ۳  ِدسمبر  ۲۰۱۸ ء )  _  پاکستان  دنیا میں سب سے بڑے  فلبرائٹ پروگرام کا مرکز ہے۔ یہ پروگرام  پاکستانی طالبعلموں کو امریکہ میں ماسٹرز اور  پی ایچ ڈی  کی ڈگریوں کے حصول کے لیئے  تعلیم  کے مواقع فراہم کرتا ہے۔  فلبرائٹ پروگرام  سے مستفید ہونے والے ۲۰۰  سے زائد  پاکستانی  الومنائی نے  ۳۰  ِنومبر سے ۲ ِدسمبر  تک اسلام آباد کے ایک پنج ستارہ  ہوٹل میں   ” اُبھرتی ہوئی قیادت ” کے موضوع پر منعقد ہونے والی  ۱۵ ویں سالانہ کانفرنس میں شرکت کی۔    کانفرنس میں ان مختلف کاوشوں کو اُجاگر کیا گیا جن  کی توسط سے الومنائی پاکستان میں زراعت، تعلیم، فنون لطیفہ اور ذرائع ابلاغ  کے شعبوں  میں  ترقی کے نئی راہیں تلاش کر رہے ہیں۔

امریکی سفارتی مشن اسلام آباد کے منسٹر قونصلر برائے امور ِ عامہ  کرسٹوفر فٹزجیرالڈ نے  کانفرنس میں شرکت کی اور انہوں نے   شرکاء کو کامیابیاں حاصل کرنے پر خراج تحسین پیش  کرتے ہوئے  اس بات پر زور دیا کہ  وہ امریکہ میں جو مہارتیں  سیکھ کراور  تعلقات  اُستوار کر کےآئے ہیں اُن کو پاکستان میں اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ  مقاصد  کے حصول  کے لیئے  بروئے کار لائیں۔   انہوں نے مزید کہا کہ  امریکہ نے لگ بھگ  ۷۰ سال سے  پاکستان  کے مستقبل کے معماروں کو  اپنے ہاں  معیاری تعلیم کے  لیئے بلایا ہے   ،جبکہ  امریکیوں نے بھی  پاکستان میں   تعلیم و تحقیق کے  مواقع سے فائدہ اُٹھایا ہے۔ امسال بھی  ۸۰۰  پاکستانی طالبعلم مختلف مطالعاتی اور  پیشہ ورانہ تربیتی  دوروں پر  امریکہ میں  موجود ہیں۔ تبادلہ پروگراموں سے مستفید ہونے والے افراد  آگے چل کر ملک کی قیادت سنبھالتے ہیں اور دونو ں ممالک کےمابین   پُل کا کردار ادا  کرتے ہیں۔

کانفرنس کے شرکاء اُس الومنائی نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو اندرون اور بیرون ملک امریکی معاونت سے  منعقد ہونے والے  تبادلہ پروگراموں  سے مستفید  ہونے والے   ۲۵،۰۰۰ ممبران پر مشتمل ہےاور اپنی نوعیت کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے۔ ہر سال ۸۰۰ سے زیادہ پاکستانی ہائی اسکول،  انڈر گریجوئیٹ ، گریجوئیٹ اور پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں میں امریکی اعانت سے شرکت کرتے ہیں۔ امریکی سفارتخانہ کی تعلیمی سرگرمیوں  اور تبادلہ  پروگراموں کے بارے میں مزید  معلومات کے لیئے   ملاحظہ کیجئے: https://pk.usembassy.gov.

یو ایس ایجوکیشنل  فاؤنڈیشن اِن پاکستان ( فلبرائٹ کمیشن ) امریکی حکومت کی جانب سے فلبرائٹ پروگرام کا  انتظام چلاتا ہے۔ یو ایس ای ایف پی کے بارے میں مزید معلومات اور  پروگراموں کے لیئے   درج ذیل ویب سائیٹ ملا حظہ کیجئے :http:// www.usefpakistan.org.

####