فلموں کےذریعہ مساوات کے فروغ کے لیے امریکن فلم شوکیس کا اہتمام

اسلام آباد ( ۱۷ جون ۲۰۲۲ء)- پاکستان میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے  مشن کو رواں سال کے امریکن فلم شوکیس کے انعقاد کا اعلان  کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ ۱۷ سے ۲۷ جون ۲۰۲۲ء تک جاری رہنے والے اس فلمی میلہ کے دوران دو امریکی فلمسازورں کا رابطہ اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے ہوگاتاکہ    فلمسازی کی نئی  مہارتیں بروئے کار لائی جا سکیں۔

اس   سال منعقد ہونے والے آن لائن فلمی میلہ کی  توجہ مساوات کے موضوع   پر مرکوز ہو گی جبکہ اس دوران   مندرجہ ذیل  سات امریکی دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ سینما بلٹی، دی ڈومینکن ڈریم، گرلز اِن چیس، ہیمٹریمک یو ایس اے، میڈم مارس، سرچ آن :بٹوین ورلڈز، اور  شیئر۔

فلموں کی نمائش کے ساتھ ساتھ  امریکی فلمی صنعت کے سفراء  ایلزبتھ پولنس اور لیزا سریواستوا پاکستان سے تعلق رکھنے والے  اس شعبہ کے طالبعلموں، فلم سازوں اور فلمی صنعت کے ماہرین کے لیے دستاویزی فلموں کے  موضوع پر ورچوئل  ذرائع کے ذریعہ دوورکشاپس کا انعقاد بھی کریں گے۔ مذکورہ تربیتی نشستوں کے دوران یہ امریکی فلمی نمائندے معاشرتی انصاف اور برابری   کے موضوع پر   ڈیجیٹل انداز میں کہانی گوئی  کے فن کے حوالے سے اپنی مہارتوں  سے  شرکاء کو آگاہ کریں گے۔دونوں ممالک میں فلمسازوں کو درپیش مشترکہ مشکلات پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے ،   وہ شرکاء کو فلم کی فروخت، تقسیم، نشریات اور بین الاقوامی نوعیت کے فلمی میلوں میں شرکت کے حوالے سے مختلف امورکے بارے میں بتائینگے۔

یاد رہے کہ اے ایف ایس امریکی حکومت کی جانب سے فلمی سفارتکاری سے متعلق نمائندہ  پروگرام ہے اور جنوبی کیلیفورنیا  یونیورسٹی کے اسکول آف سینماٹک آرٹس کی جانب سے پیش کیا جاتا ہے۔

اے ایف ایس کی ترتیب اس انداز میں کی گئی ہے کہ مقامی برادریوں کے درمیان مباحثہ کا آغاز کیا جائے تاکہ اُن  کو اپنی کہانی کہنے کے لیے با اختیار بنایا جا سکے۔ امریکن فلم شوکیس کا انعقاد   پاکستان میں تیار ہونے والی  فلموں کی وسیع ترمقامی اور بین الاقوامی  شائقین تک پہنچ کو یقینی بناتا ہے۔ واضح رہے کہ اے ایف ایس پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کی جانب سے  امریکی اور پاکستانی فلم سازوں کو یکجا کرنے کی  کوششوں کا حصہ ہے  جن کا مقصد  پاکستان میں اگلی نسل کے فلم سازوں کی کھیپ کی آواز کو مضبوط  بنانا ہے۔

###