کراچی: امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے آج حیدرآباد ویمن پروٹیکشن سینٹر پر تقریباً 70 لاکھ روپے کا سازوسامان اور گاڑیاں ڈی آئی جی حیدرآباد خادم حسین رند کے حوالے کیں۔ یہ امداد امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا اینفورسمنٹ افیئرز (INL) کے تحت دیے جانے والے فنڈ کا حصہ ہے جس کا مقصد سندھ میں خواتین کے لیے مختص حفاظتی مراکز کے قیام میں مدد دینا اور خواتین کو انصاف تک رسائی میں مزید سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’انصاف تک رسائی آفاقی حق ہے اور ہم سندھ حکومت اور سندھ پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہیں کہ وہ سندھ کے دیہی علاقوں میں ویمن پروٹیکشن سینٹر قائم کرکے خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنارہی ہیں، امریکی حکومت اس سلسلے میں کامیابی کے لیے سندھ حکومت کی معاونت اور حمایت کرتی رہے گی۔
اس کے بعد امریکی قونصل جنرل نے حیدرآباد میں ’’انگلش ورکس‘‘ کی تکمیل کرنے والے 50 طلبہ کے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب میں بھی شرکت کی۔ ’’انگلش ورکس‘‘ پروگرام کے لیے مالی معاونت ’’مشن پاکستان‘‘ کے علاقائی دفتر برائے انگلش لینگویج پروگرامز نے کی ہے۔ انگلش ورکس کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں کاروباری ابلاغیات کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور پیشہ ورانہ سطح کی انگریزی مہارت پیدا کرنا ہے تاکہ انھیں تعلیم اور ملازمت کے شعبوں میں بہتر مواقع میسر آسکیں اور بہت سی صورتوں میں وہ بہتر آمدن کے ذریعے اپنے گھروالوں کی کفالت کرسکیں۔
امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ امریکا کو سندھ کے نوجوانوں میں انگریزی کی مہارت کو فروغ دے کر انھیں بااختیار بنانے پر فخر ہے، آج ہمیں یہ جان کر بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے کہ انگلش ورکس کے کئی طلبہ نے اس پروگرام میں جو کچھ سیکھا اس کے ذریعے کامیابیاں حاصل کی ہیں، مجھے آپ پر فخر ہے اور میں مستقبل میں آپ کی مزید کامیابیوں کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘
پاکستان کے تعلیمی شعبے میں امریکی حکومت کی مدد سے چلنے والے پروگراموں کی تفصیلی معلومات کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔https://pk.usembassy.gov/education-culture/.
امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا اینفورسمنٹ افیئرز (INLکے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔ https://www.state.gov/j/inl/