منشیات کے خاتمے اور قانونی فصلوں کی کاشت میں امریکہ کا خیبر پختونخوا کے ساتھ تعاون

پشاور ( ۲۲ جون ۲۰۲۳ء) –   پاکستان میں  امریکی  سفارتخانہ  کے دفتر برائے  بین الاقوامی انسداد منشیات  اور نفاذ ِ قانون     ( آئی این ایل ) کے ڈائریکٹر  لوری اینتولیز نے اسلام آباد میں منعقد  ہ   ایک تقریب کے دوران   دو گاڑیوں کی چابیاں خیبر پختونخوا کے محکمہ منصوبہ بندی  و ترقیات کے حوالے کیں  ۔ یہ گاڑیاں  نئے ضم شدہ اضلاع میں افیون کی کاشت میں کمی  کی نگرانی اور متبادل فصلوں کی کاشت کی   حوصلہ افزائی کے منصوبوں کے   معائنہ کے لیے استعمال کی جائیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لوری اینتولیز  نے  پاکستان اور امریکہ کے درمیان جاری تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے  اِس امید کا ظہار کیا کہ یہ  باہمی معاونت ممنوعہ  فصلوں کےانسدادکی کوششوں کی  غماز ثابت ہوگی جبکہ اس سے سبزیوں سے لیکر  پھولوں تک  متعدداقسام کی منافع بخش اور قانونی کاشتکاری کو بھی فروغ   ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ  اُن کا مُلک  امریکہ پاکستان سبز اتحاد لائحہ عمل کے تحت  زراعت، شفاف توانائی اور پانی کے شعبوں میں  پاکستان کے ساتھ تعاون  کو فروغ دے رہا ہے اور امریکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی استعداد کار   کو فروغ دینے ، توانائی کے مختلف ذرائع پر انحصار میں تبدیلی  لانےاور اشتراک  پر مبنی معاشی نمو   کو یقینی بنانے کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ   مل کر مصروف عمل ہے۔

امریکی حکومت   نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران  آئی این ایل کے توسط سے  پاکستان بھر میں شہریوں کی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے   ایک ارب ڈالر سے زیادہ  کی سرمایہ کاری کی ہے۔ آئی این ایل   ۸۰  سے زیادہ ممالک میں جرائم اور بدعنوانی کی روک تھام، منشیات کی تجارت کےخاتمے، پولیس  کےاداروں میں إصلاحات اور شفاف اور قابل احتساب عدالتی  نظام کے فروغ  کے لیےکام کرتا ہے۔ آئی این ایل کے بارے میں مزید معلومات کے لیے درج  ذیل لنک ملاحظہ کریں:

http://www.state.gov/j/inl/