Flag

An official website of the United States government

ناظم الامور ایگلر کی جانب سے کووڈ-۱۹ کے خلاف جنگ میں امریکہ اور پاکستان کے تعاون کی تعریف
کی طرف سے
2 منٹ پڑھیں
مارچ 16, 2022

 

اسلام آباد ( ۱۶ مارچ ۲۰۲۲ء)—امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی ناظم الاُمور اینجلا پی ایگلر نے کووڈ-۱۹ وبا کے  دوران پاکستان کی  شاندار کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے  ۱۶ مارچ کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کا دورہ کیا. وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خُصوصی اقدامات اسد عمر اور وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے اُمور صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ  ملاقات میں ناظم الاُمور ایگلر نے این سی او سی کی  جانب سے حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے  کووڈ-۱۹ وبا  کے سدباب کے لیے امریکہ اور پاکستان کے باہمی اشتراک کو   بھی اُجاگر  کیا۔

اس موقع پر ناظم الاُمور نے صحت سمیت متعدد شعبوں میں جاری مضبوط تعاون    کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ  رواں سال  پاکستان اپنا  پچھترواں    یوم آزادی منا رہا ہے اور  یہ ہماری باہمی شراکت کے قیام کا بھی پچھترواں  یوم تاسیس ہے۔  آج ہمارا یہ دورہ اس  مضبوط شراکت کی توثیق ہے جس کو  ریاستہائے متحدہ امریکہ نے پندرہ اگست ۱۹۴۷ء میں پاکستان کوبطور آزاد ملک تسلیم کرنے کے بعد سے    جاری رکھا ہوا ہے اور پاکستان میں صحت  کا شعبہ بھی اس شراکت کے ثمرات سے مستفید ہورہا ہے۔

گزشتہ دو برسوں کے دوران این سی او سی نے کووڈ-۱۹ وبا   سے نمٹنے کے لیے  حکومتِ پاکستان کی جانب سے اُٹھائے جانے والے  اقدامات  پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے  رابطہ کاری  کے فرائض احسن طریقہ سے نبھائے ہیں۔ پاکستان نے  کووڈ-۱۹ ٹیکوں کی ۲۰ کروڑ ۱۹ لاکھ خوراکیں  لگائی ہیں اور دس کروڑ سے زیادہ لوگوں  کی ویکسی نیشن مکمل کی جا چُکی  ہے اور قومی سطح پر کورونا کی مثبت شرح  ڈیڑھ فیصد سے بھی کم  ہو گئی ہے ، یہ تمام تر اقدامات نہایت ہی  قابل تحسین ہیں۔ پاکستان کے ساتھ شراکت میں امریکہ نے  پانچ کروڑ ستر لاکھ کووڈ-۱۹ ویکسین عطیہ کی ہیں، جبکہ سات کروڑ  ڈالر کووڈ-۱۹ وبا کے دوران   بطور براہ راست  معاونت فراہم کیے ہیں اور نوے لاکھ ڈالر  مالیت   کی اشیاء فراہم کی ہیں جن میں  دو سو وینٹی لیٹر، بارہ لاکھ سے زیادہ این نائنٹی فائیو ماسک، دس لاکھ فوری کورونا تشخیصی ٹیسٹ اور بارہ سو  نبض  کی جانچ کے میٹر  شامل ہیں۔

کووڈ-۱۹ کے دوران امریکہ کے ردعمل کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے  مندرجہ ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کریں:

https://www.state.gov/covid-19-recovery/

https://www.usaid.gov/coronavirus-covid-19