اسلام آباد ( ۱ِ۸اپریل ۲۰۱۸) نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں قائم یوایس-پاکستان سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان انرجی (یوایس پی سی اے ایس –اِی) نے آج پہلی تقریب تقسیم اسناد منعقد کی۔ تقریب میں چورانوے طالبعلموں نے انرجی انجنیئرنگ میں ماسٹرز آف سائنس کی اسناد وصول کیں ۔ وفاقی وزیر برائے بجلی اویس احمد خان لغاری اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے تقریب میں اظہارِ خیال کیا۔
سفیر ہیل نے طالبعلموں کو ان کی کارکردگی پر سراہا اورانکی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی مہارتوں کو بروئےکا ر لائیں۔ انہوں نے طالبعلموں سے کہا کہ اس تعلیمی ادارے میں حاصل کردہ مہارتوں کے ذریعے اب وہ پاکستان کو درپیش سب سے گھمبیر توانائی بحران کو حل کرنے کے قابل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبعلوں کی کامیابی اور یہ عمارت، جس میں آج ہم کھڑے ہیں، دونوں امریکی حکومت کی پاکستان کے ساتھ اس ستر سالہ اشتراک کی تجدید ہے جو دونوں ممالک کے شہریوں کا روشن مستقبل بنانے کے لیے جاری ہے ۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے بھی اسناد حاصل کرنے والے طالبعلموں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی شمولیت پاکستان کے از سر نو ابھرتے ہوئے توانائی کےشعبے میں انمول اضافہ ہے ۔ یوایس پی سی اے ایس –اِی جیسے خصوصی ادارےپائیدار اور قابل تجدید توانائی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بیحد کارآمد ثابت ہوں گے۔
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی اعانت سے چلنے والا یوایس پی سی اے ایس –اِی پروگرام ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی ،اور یگن اسٹیٹ یونیورسٹی، نسٹ اور پشاور یونیورسٹی کے مابین شراکت پر مشتمل ہے۔
###