نویں امریکہ-پاکستان ٹیفا وزارتی کونسل کا مشترکہ اعلامیہ

 ۲۳ فروری ۲۰۲۳

واشنگٹن: ۲۳ فروری ۲۰۲۳ء کو امریکہ اور پاکستان کے درمیان نویں تجارت اور سرمایہ کاری فریم ورک (ٹیفا) ملاقات اختتام پزیر ہوئی۔ اس میٹنگ کی سربراہی امریکی نمائندہ برائے تجارت کیتھرین تائی اور پاکستانی وزیر  تجارت سید نوید قمر نے کی۔

فریقین نے زراعت، ڈیجیٹل تجارت، تحفظ املاک دانش  کے نفاذ، محنت کشوں کے حقوق، بہتر  ضوابط کار، خواتین کی معاشی با اختیاری کے حوالے سے تجارت اور سرمایہ کاری اور متعلقہ معاملات و مسائل پر بات چیت کی ۔  دونوں ملکوں نے  اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے اور دونوں ممالک کے  عوام کی خوشحالی کے لیےان معاملات پر مزید بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔

معاشی تعلقات کے لیے زراعت اور ڈیجیٹل تجارت کی اہمیت کے پیشِ نظردونوں  وزراء نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ ٹیفا کونسل کی میٹنگ سے قبل ان شعبوں میں رابطوں کو مزید استوار کیا جائے۔

امریکہ نے محنت کشوں کے حقوق  اور املاک دانش کے تحفظ سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں جانب سے املاک دانش کی اہمیت ، محنت کش طبقہ کےلیے اعلی معیار اور بہتر ضوابط پر عمل در آمد  کا اعادہ کیا گیا۔

امریکہ نے گائے کے گوشت کی منڈی تک رسائی کے حوالے سےتکنیکی کام کی با ضابطہ تکمیل  کو خوش آئند قرار دیا اور دونوں وزراء نے اسے جلد از جلدعملی جامہ پہنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں جانب سےاضافی زرعی اجناس کی منڈی تک رسائی اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دُور کرنےکے لیے روابط کو فروغ دینے  پر  اتفاق کیا گیا۔

پاکستان نے  آم اور تازہ کھجورکی منڈی تک رسائی کے لیے ہونے والے حالیہ روابط کا خیر مقدم کیا اور امریکہ سے درخواست کی کہ موجودہ امور کی تکمیل  کے بعدمنڈی تک رسائی کے لیے زرعی اجناس کی  اضافی درخواستوں  پر غور کیا جائے۔

دونوں وزراء نے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیاجوکاروبار سے وابستہ خواتین  کو با اختیار بنانے کے حوالے سے مشترکہ کوششوں پر مبنی مفاہمت کی یاد داشت  پر ہونے والی پیش رفت اور عزم کا آئینہ دار تھا۔ ان مشترکہ کوششوں کا مقصد رسد میں تنوع،  رہنمائی  اور عالمی منڈی تک برابری اور شمولیت کی بنیاد پر پاکستان کی دیرپا اقتصادی ترقی میں خواتین کے کردار کو بڑھانا  ہے۔ وزراء نے ۲۰۲۳ء کے دوران ٹیفا  کے تحت جاری کاموں اور اگلی ٹیفا کونسل میٹنگ ۲۰۲۴ء میں اسلام آباد میں منعقد کرنے کے حوالے سے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔