پان فیلو مارکیز نے پشاور میں امریکی قونصل جنرل کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

پشاور( ۱۲ ستمبر ۲۰۲۲ء)- پان فیلو مارکیز نے آج یہاں امریکہ کےنئے قونصل جنرل کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

پان فیلو مارکیز ۲۳ سال سے امریکی محکمہ خارجہ کی فارن سروس کے کیریئر ممبر ہیں۔حال ہی میں پان فیلو مارکیزبیورو برائےامور مشرقی ایشیا اور بحر الکاہل کے  ایگزیکٹو آفس میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات تھے۔  ماضی میں انہوں نے برازیل میں امریکی مشن میں بطور منسٹر قونصلر برائے انتظامی اُمور  خدمات سرانجام دی ہیں جبکہ   برازیل میں  تعیناتی کے دوران  وہ  لگ  بھگ ایک سال تک قائم مقام ڈپٹی چیف آف مشن  بھی رہے اور انہوں نے  قانون نافذ کرنے کے شعبہ  میں شراکت، عسکری تعاون اور تجارتی تعلقات کی بہتری پر کام کیا۔ فارن سروس میں وسیع خدمات کے دوران قونصل جنرل مارکیز نے  امریکی  مشنز برائے فرانس، یونیسکو اور اوا ی سی ڈی  کے لیے مینجمنٹ افسر کی خدمات سر انجام دیں۔  امریکی محکمہ خارجہ میں  انہوں نے دیگر اعلیٰ عہدوں پر خدمات سرانجام دیتے ہوئے برازیل  میں ری او ڈی جنیریو    اور  تیکوانا، میکسیکو،  میں مینجمنٹ   افسر کے طور پر کام کیا ہے۔  ان کی دوسری تعیناتیوں میں افغانستان، کوسٹا ریکا اور جمائیکا شامل ہیں۔

مارکیز کو محکمہ  کی جانب سے مختلف اعلیٰ ایوارڈز سے نوازا گیا ہے، جن میں   انتظامی اُمور میں جدت پر  دیا جانے والا لُوتھر ریپلوگل ایوارڈ   بھی شامل ہے، جو اُن کو برازیل میں اُن کے کام کے اعتراف کے طور پردیا گیا۔

مارکیزامریکی ریاست  کیلیفورنیا سے تعلق رکھتے  ہیں اور انہوں نے  یونیورسٹی کالج سان ڈیاگو سے   بحرالکاہل  اور بین الاقوامی اُمور کے شعبہ میں  ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور براہ راست فارن سروس میں شمولیت اختیار کی۔  مارکیز ہسپانوی، فرانسیسی اور پُرتگالی زبان بولتے ہیں۔

قونصل جنرل مارکیز  خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کام کرتے ہوئے امریکہ اور پاکستان کے  درمیان  باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور پچھتر برسوں پر مُحیط سفارتی تعلقات  کا جشن منانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیاتی تحفظ، صحت، سلامتی، تعلیم اور دیگر قابل ترجیح شعبوں میں دونوں ممالک کے مشترکہ مقاصد  کے حُصول کی کوششیں جاری رکھیں گے۔