پاکستانی انڈر گریجویٹ طالب علم امریکہ میں تعلیمی سیشن کیلئے تیار

           اسلام آباد (۹دسمبر ، ۲۰۱۶ ء ) __  امریکی حکومت کی اعانت سے  تعلیمی تبادلے کے گلوبل انڈر گریجویٹ  پروگرام کے تحت  انڈر گریجویٹ سطح کے لگ بھگ ۹۰  پاکستانی  طالب علم  امر یکہ میں ایک سمسٹر  کا تعلیمی سیشن  مکمل کرنے  کی  تیاریوں کے سلسلے میں اسلام آباد میں اکٹھے ہوئے-  ۲۰۱۰ء میں اپنے  آغاز سے لے کر  اب تک ایک ہزار سے زیادہ پاکستانی  طالب علم اس  تبادلہ پروگرام میں شرکت کر چکے ہیں۔

           امریکی نائب سفیر  جوناتھن پریٹ  نے یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن  ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی)  کے زیر انتظام  جاری  اس پروگرام کیلئے منتخب ہونے والے طالب علموں  کو مبارک باد دی ۔

           نائب سفیر نے کہا کہ  نئے سفر پر روانگی کیلئے تیار نوجوان لوگوں کو اکٹھا دیکھنا متاثر کن ہے اور امریکہ کو فخر ہے کہ وہ ان نوجوانوں کی تعلیم  کیلئے  کردار ادا کر رہا ہے۔

           پاکستانی انڈر گریجویٹ  طالب علم  ملک کے ہر کونے، بشمول گلگت ۔بلتستان ، وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا )، آزاد جموں و کشمیر  اور  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد  سے تعلق رکھتے ہیں  اور مختلف تعلیمی مضامین ، جن میں  ہیومینیٹز ، بنیادی سائنس ، انجنیئرنگ  اور بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔

           یو ایس ای ایف پی کی ڈائر یکٹر ریٹا اختر نے  کہا کہ نوجوان خواتین اس گروپ کا ۵۷  فیصد ہیں  اور ہم انہیں اور ان کے اہلخانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس شاندار تعلیمی تجربے میں شرکت کیلئے ان  خواتین کی حوصلہ افزائی کی۔

           موسم بہار  ۲۰۱۶ء  کے گلوبل انڈر گریجویٹ  پروگرام میں شریک  طالب علم محمد سیف الاسلام نے کہا کہ تبادلہ پروگرام  ان کیلئے زندگی تبدیل کر دینے والے تجربہ تھا ۔ اس  پروگرام  کی  بدولت میں اب اپنے آرام دہ ماحول سے باہر نکلنے سے ہچکچاتا نہیں ہوں اور اس کی وجہ سے مجھے خود اعتمادی، ، خوف پر قابو پانے اور اپنے مستقبل سے متعلق بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔  سیف الاسلام نے کہا کہ اگرچہ یہ مشکل وقت تھا مگر میں نے چھوٹی بڑی مشکلات پر قابو پانا سیکھا اور اس پروگرام نے مجھے ایک پر اعتماد اور پر عزم انسان میں بدل دیا ہے۔

            یو ایس ای ایف پی دوملکی کمیشن کے طور پر پاکستانی اور امریکی حکومتوں کی جانب سے ۱۹۵۰ء میں  قائم کیا گیا ۔ اس کا بنیادی مقصد  دونوں ملکوں کے عوام کو تعلیم و ثقافت کے ذریعے ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد دینا ہے۔ مزید جاننے کیلئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں: www.usefpakistan.org

            امریکی سفارتخانے کی پاکستان میں  دیگر   سرگرمیوں کے بارے میں جاننے کیلئے ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں: https://pk.usembassy.gov