پاکستانی شوبز ستاروں کا کورونا ویکسین کے ترغیبی وڈیو کے لیے امریکہ سے اشتراک

اسلام آباد ( ۱۴ مئی ۲۰۲۲ء)  حکومت  امریکہ نے   کووڈ-۱۹  سے  تحفظ کے ٹیکوں اور اضافی خوراک یعنی بُوسٹر ڈوز  لگوانے کی ترغیب  دینے کے لیے پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف فلمی ہدایت کار اور پروڈیوسر سرمد کھوسٹ اور اُن کے  دیگرستاروں  کے ساتھ شراکت کی ہے جس کے تحت کینز ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والے سرمد کھوسٹ نےمنزل کے عنوان سے ایک گانا تیار کیاہے۔

واضح رہے کہ یہ نغمہ اور وڈیو پاکستان کو امریکہ کی جانب سے چھ کروڑ دس لاکھ کووڈ-۱۹ ٹیکوں کے عطیات کی  فراہمی  کی سرگرمی کا حصہ ہے اور اس میں پاکستان کو کووڈ-۱۹  کے دوران درپیش آنے والی مشکلات  اور مرض کے سدباب کے لیے کامیاب ردعمل کا ذکر بھی کیا گیا ہے اور عوام کو اپنی ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرنے کی ترغیب بھی دی گئی ہے۔

میوزک وڈیو کی تقریبِ رُونمائی کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار  کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ کے منسٹر قونصلر برائے اُمور عامہ نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اضافی خوراک سمیت کورونا سے تحفظ کی ویکسین لگوانے کا عمل  دُنیا میں زیادہ سے زیادہ تندرستی یقینی بنانے کا پیش خیمہ ثابت  ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ  پچہتر برس پر  محیط سفارتی تعلقات کے دوران ریاستہائے متحدہ  امریکہ کو صحت عامہ کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ اپنے  تعاون پر فخر ہے جبکہ  امریکہ اس قدر با صلاحیت  پروڈیوسرز، موسیقاروں اور اداکاروں کے ساتھ شراکت   میں کووڈ-۱۹ کی ویکسین لگوانے کی ترغیب میں بنائی جانے والی  ایسی  خوبصورت وڈیو  کی تیاری پر  بھی بہت پُرجوش ہے ۔

واضح رہے کہ مذکورہ وڈیو کی تیاری کے منصوبہ میں  معروف فلم نگار سرمد کھوسٹ کے ساتھ دیگر مشہور شخصیات نے بھی کام کیا ہے، جیسا کہ نغمہ کے بول مقبول صحافی محمد حنیف نے تحریر کیے ہیں جبکہ شمشیر رانا، ورقا فرید، نمرہ گیلانی اور علی ہمدانی بطور پروڈیوسر اور کمپوزر شامل ہیں۔ یہ گیت بین الاقوامی شہرت کے حامل  گلوکار عاطف اسلم اور کوک اسٹوڈیو کی ممتاز گلوکارہ شائے گِل نے گایا ہے۔  وڈیو میں مہم کے حامی کے طور پر مرکزی کردار معروف اداکارہ اور سماجی کارکن ثروت گیلانی نے نبھایا ہے۔

یہ وڈیو نشریاتی اداروں سمیت صارفین کے دیکھنے اور شیئر کرنے کے لیے مندرجہ ذیل لنک پر دستیاب ہے

https://www.youtube.com/watch?v=fzsTunCsPYY.

نشریاتی معیار کی وڈیو ڈاؤن لو ڈ کرنے کے لیے مندرجہ ذیل لنک پر کلک کریں

https://app.box.com/s/i9q5r4efazc32ei4sv4jg7y940kgx57k

###