پاکستانی طالبعلموں کی امریکی جامعات میں ایک سمیسٹر حصول تعلیم کیلئے تیاری

اسلا م آباد  (۲۰  ِجولائی ، ۲۰۱۸ ء) __ امریکی   حکومت کی مالی اعانت سے  چلنے والے   پروگرام کی بدولت پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے  ۱۰۸  طالبعلم امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں امریکی طلبا وطالبات کے ساتھ ایک سمیسٹر تعلیم حا صل کریں گے۔

امریکی  ناظم الامور جان ہوور نےگلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام (گلوبل یوگریڈ)   کے  خزاں  ۲۰۱۸ ء سیشن میں شرکت کے لئے  منتخب ہونے والے اِن طلبہ کو اُن کی امریکہ روانگی سے قبل اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں مبارکباد پیش کی۔

ناظم الامور جان ہوور نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ  امریکہ اور پاکستان کے مابین طاقتور پیام بر ثابت ہوں گے ،  "جو  حا ل احوال  آپ سنائیں گے وہ خبروں کی شہ سرخیوں سے کہیں بڑھ کرہوں گی اور  آپ کی سنائی گئی کہانیاں  یہاں  آپ  کے دوست احباب اور گھروالوں کو ہماری دونوں قوموں کی مشترکہ  اقدار کے بارے میں حقیقی اور زندگی سے قریب تر شعوروآگہی دیں گی۔   ”

اس موقع پر گلوبل یو گریڈ ۲۰۱۷ ء  کی سابق طالبہ فرغانہ انصاری نے   تقریب کے شرکاء کو حصول تعلیم کے لئے نیوجرسی میں گذارے ہوئے وقت کی یادوں میں شریک کرتے ہوئے بتایاکہ کس طرح اُن کابیرون ملک قیام اُن کی زندگی میں تبدیلی لایا ۔ ” مجھے یو گریڈ سے واپس آنے کے بعد احساس ہوا کہ میں نے کیا کچھ حاصل کیا ہے۔ مجھے اعتمادملا، میں  اپنے ملک میں بہتری کے لئے مزید اقدامات کرنا اور کمیونٹی کا سر گرم رکن بن کر کردار ادا کرنا چاہتی تھی۔”

یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان(    یو ایس ای ایف پی) ایک دو قومی کمیشن ہے، جس کو  پاکستان اور امریکہ کی حکومتوں نے ۱۹۵۰ء میں قائم کیا تھا اور یہ ادارہ  پاکستان میں گلوبل یوگریڈ پروگرام چلانے کےلئے امریکی سفارتخانہ کی معاونت کرتا ہے ۔ فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا اختر  نے کہا کہ  ۲۰۱۰ء میں اس تبادلہ پروگرام کےآغازسے اب تک  پندرہ سو سے زیادہ پاکستانی طلباوطالبات گلوبل یو گریڈ پروگرام میں شرکت کرچکے ہیں، جبکہ ۶۰  طالبعلم ممتاز فلبرائٹ پروگرام کے تحت ماسٹرز یا پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کرنے امریکہ جا چکے ہیں۔

مزید معلومات کے لئے درج ذیل ویب سائیٹ  ملاحظہ کیجئے:

www.usefpakistan.org

امریکی سفارتخانہ کی پاکستان میں سرگرمیوں سے متعلق معلومات کے لئے درج ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کیجئے:

https://pk.usembassy.gov