پاکستانی فلبرائٹ طالب علم اور اسکالرز تعلیم و تحقیق کیلئے امریکہ روانگی کوتیار

 

اسلام آباد (۱۴ ِجولائی ، ۲۰۱۷ء)__ امریکی سفارتخانہ کے ناظم الامور جوناتھن پریٹ نے 173 پاکستانی طال علموں اور اسکالرز کو  امریکہ میں  اعلی تعلیم و تحقیق کے لیے فلبرائٹ اسکالرشپ  کاحاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ فلبرائٹ امریکی حکومت کی طرف سے تعلیمی تبادلے کا سب س ممتاز پروگرام ہے اور پاکستان  فلبرائٹ پروگرام  پاکستانی اور امریکی حکومت کی کوششوںکی بدولت دنیا کے بڑے پروگراموں میں شامل ہے۔

ناظم الامور جوناتھن پریٹ نے طالب علموں  سے کہا کہ آپ لوگ بہت مشکل اور مسابقتی مراحل کے بعد اس مقام تک پہنچے ہیں اور آپ کو اور آپ کے اہلخانہ کو آپکی اس کامیابی پر فخر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے  اور پاکستان کے مختلف علاقوں کی نمائندگی کرنے والے فلبرائٹ کے متنوع گروپ کو دیکھ کر وہ بہت خوشی محسوس کر ہے ہیں ۔

فلبرائٹ پروگرام ۲۰۱۷ء شرکاء میں ۵۴ فیصد خواتین ہیں۔ شرکت کرنے والے طالب علم ۸۵ امریکی جامعات میں مختلف تعلیمی مضامین بشمول انجینئرنگ ،سماجی علوم اورتوانائی مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کریں گے۔

یوایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائر یکٹر ریٹا اختر نےکہا کہ فلبرائٹ پروگرام شریک طلباء کو جدید ترین تحقیق اور امریکی  اساتذہ کے ساتھ تعلیم کا نادر موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ تعلیمی  پروگرام نہ صرف شرکاء بلکہ ان کی وطن واپسی پر ان کی کمیونٹیز  میں بھی انقلابی تبدیلیاں لاتا ہے۔

فلبرائٹ ماسٹر پروگرام ۲۰۱۴ء کی سابقہ طالبہ صائمہ یاور نے کہا کہ جب میں اپنے سفر اور پاکستان کی طرف دیکھتی ہوں تو مجھے لگتا ہے یہ پروگرام  نئی نسل کے پاکستانی لیڈرز کی ترقی کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ امریکہ میں تعلیم وتحقیق کے لیے جانے والے پاکستانی طالب علموں  نے وطن واپسی پر مسلسل تحقیق اور  معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے  بین الاقوامی تعلیم کے فوائد  اپنی کمیونٹیز تک  پہنچائے ہیں ۔

۱۹۴۶ء  سے اب تک  فلبرائٹ پروگرام نے دنیا بھر کےتین لاکھ ستر ہزار شرکاء کو تحقیق ، خیالات کو عملی جامہ شکل دینے ، تدریس اور معاشرے کو فائدہ پہچانے  کا موقع فراہم کیا ہے۔           یوایس ای ایف پی دوملکی کمیشن ہے جو۱۹۵۰ ءمیں پاکستانی اور امریکی حکومتوں نےقائم کیا تھااور یہ اس وقت دنیا بھر میں ۴۹فلبرائٹ کمیشنز میں سے ایک ہے۔اس کا مشن پاکستان اور امریکہ کے عوام کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے ذریعے باہمی ہم آہنگی کوفروغ دینا ہے ۔فلبرائٹ پروگرام کے علاوہ یو ایس ای ایف پی انڈرگریجویٹ، اساتذہ ، صحافیوں اور دیگر پیشہ ورافراد کیلئے متعدد وظیفہ پروگرام چلا رہا ہے۔

فلبرائٹ پروگرام اور پاکستان میں امریکی تعلیمی سرگرمیوں کے متعلق مزید جاننے کے لیے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں: .

pk.usembassy.gov اور  usefpakistan