پاکستانی محکمہ کسٹم و نفاذ قانون کے اہلکاروں کا امریکی سفارتخانہ کے زیر اہتمام دورہ امریکہ کے دوران سرحدوں پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ

اسلا م آباد  (۲۶ ستمبر،  ۲۰۱۸ء) __ پاکستان کے محکمہ کسٹم کے پانچ اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ایک افسر واشنگٹن ڈی سی اور سین ڈیاگو، کیلیفورنیا کا مطالعاتی دورہ کرنے کے بعد حال ہی میں پاکستان واپس پہنچ گئے۔ اس دورہ کا اہتمام امریکی سفارتخانہ کے شعبہ بین الاقوامی انسداد ِمنشیات و نفاذ ِقانون (آئی این ایل) اور امریکی محکمہ داخلی سلامتی نے کیا تھا۔ اس مطالعاتی دورہ کا محور زمینی سرحدوں سے آمد و رفت کو محفوظ اور منظم کرنے سے متعلق امور کا جائزہ تھا۔

پاکستانی وفد نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی انویسٹی گیشنز کے صدر دفتر اور سین ڈیاگو، کیلیفورنیا میں اس ادارے کے فیلڈ دفتر کا دورہ کیا،جس کے دوران  میں وفد کے ارکان نے اس بات کا جائزہ لیا کہ امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی انویسٹی گیشنز کے ادارے کس طرح زمینی سرحد وں پر بڑے پیمانے پر آمد و رفت کا نظام چلاتے   ہیں۔ کیلیفورنیا میں سین ایزیڈرو پورٹ کے دورے کے دوران پاکستانی وفد کے ارکان نے روک تھام و تفتیش کی تیکنیک، ٹاسک فورس کے محرکات اور پاکستان میں بڑے زمینی سرحدی مقامات بشمول افغانستان کے ساتھ ملنے والی سرحد کے لئے ممکنہ بہترین طریقوں کا مطالعہ کیا۔

امریکی سفارتخانہ کے شعبہ بین الاقوامی انسداد ِمنشیات و نفاذِ قانون (آئی این ایل) کے ڈائریکٹر جیسن ڈونووین نے کہا کہ امریکی حکومت علاقائی استحکام، تجارت اور خوشحالی کو فروغ دیتے ہوئے سرحدوں پر غیر قانونی سرگرمیوں کو کم کرنے کے پاکستانی اقدامات میں تعاون کےلیے پُرعزم  ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سرحدوں پر متعین پاکستانی اہلکاروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے  کے لئے قانون  نافذ کرنے والے پاکستانی اداروں کے ساتھ دیرپاتعاون جاری رکھنے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔

امریکہ اور پاکستان نے پاکستان بھر میں شہریوں کی سلامتی کو بہتر بنانے اور پولیس کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے تقریباً چالیس سال سےمل جل  کر کام کیا ہے۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی انسدادِ منشیات و نفاذ ِقانون جرائم و بدعنوانی کے انسداد،  منشیات کے کاروبار کی روک تھام، پولیس کے اداروں کو بہتر بنانے اور شفاف و قابل ِاحتساب عدالتی نظام کو فروغ دینے کے لئے دنیا بھر میں ۹۰ سے زیادہ ملکوں میں مصروف ِ عمل ہے۔

آئی این ایل کے بارے میں مزید جاننے کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔

http://www.state.gov/j/inl/