پاکستانی موسیقاروں اور طلبأ کی جانب سے ڈینیئل پرل کی آزادیٔ صحافت کیلئے کی گئی کوششوں پر خراج تحسین

17 نومبر 2019
امریکی مشن پاکستان
رابطہ: امریکی قونصل خانہ کراچی، پبلک افیئرز سیکشن

فوری اجرا کیلئے

پاکستانی موسیقاروں اور طلبأ کی جانب سے ڈینیئل پرل کی آزادیٔ صحافت کیلئے کی گئی کوششوں پر خراج تحسین

کراچی – 17 نومبر 2019: امریکی قونصل خانہ کراچی کی جانب سے 17ویں سالانہ "ڈینیئل پرل ورلڈ میوزک ڈیز” کے موقعہ پر آرٹس کونسل کراچی میں ایک میوزک کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا جہاں قائم مقام امریکی قونصل جنرل جیک ہلمیئر نے موسیقی سے لگاؤ رکھنے والے 200 سے زائد پرجوش شائقین کا استقبال کیا۔ کنسرٹ میں پاکستان کے مشہور صوفی گلوکار اریب اظہر نے لیاری اور ماڑی پور کے طلبا کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ پسماندہ گھرانوں سے تعلق رکھنے والے ان طلبأ نے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے امریکی حکومت کے تعاون سے حال ہی میں منعقدہ موسیقی کی ایک ورکشاپ میں حصہ لیا تھا۔

اس موقعہ پر قائم مقام امریکی قونصل جنرل جیک ہلمیئر نے کہا کہ ” ڈینیئل پرل کا ماننا تھا کہ چاہے لوگوں کی ثقافت کتنی ہی مختلف کیوں نہ ہو، موسیقی میں وہ طاقت ہے کہ ایک تار چھیڑ کر لوگوں کے درمیان دوریوں کو مٹاکر انہیں قریب لے آتی ہے۔ امریکی عوام کیلئے ڈینیئل پرل اس جرأت و حوصلے کی علامت ہیں جوکہ ایک صحافی میں ہونی چاہیے جس سے اس کو ہرحال میں سچ کا علم بلند رکھنے کی ہمت ملتی رہے۔ یہ کنسرٹ ایک خوبصورت روایت بن چکا ہے اور آج مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے کہ ایک بار پھر امریکی اور پاکستانی عوام برداشت اور باہمی احترام و تفہیم کیلئے ساتھ کھڑے ہیں۔”

کنسرٹ کی تیاری کیلئے امریکی حکومت کی امداد سے موسیقی کی چار تربیتی ورکشاپوں کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں اریب اظہر نے لیاری اور ماڑی پور کے غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو موسیقی کی تربیت دی۔ ان تربیت یافتہ بچوں میں سے چھ کا انتخاب کیا گیا جنہوں نے اس کنسرٹ میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

ڈینیئل پرل ورلڈ میوزک ڈیز، موسیقی کےبین الاقوامی پروگراموں کا ایک نیٹ ورک ہے جس میں صحافی اور موسیقار ڈینیئل پرل کو یاد کیا جاتا ہے۔ ورلڈ میوزک ڈیز کے حوالے سے منعقدہ کنسرٹ موسیقی کی عالمگیر زبان میں ڈینیئل پرل جیسے صحافیوں کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کے ساتھ امید اور اتحاد کا پیغام بھی پھیلاتے ہیں۔