اسلا م آباد (۱۱ ِستمبر، ۲۰۱۷ء) __ پاکستان میں امریکہ کا سفارتخانہ کاروباری شخصیات کے پاکستان اسٹارٹ اپ کپ مقابلہ ۲۰۱۷ء کے لئے چوتھے سال بھی دی انڈس انٹرپرینیورز کے ساتھ شراکت کررہا ہے۔ غیر معمولی کاروباری خیالات کے حامل پاکستانیوں کی اس مقابلے میں شرکت کے لئے حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ اس مقابلہ میں شرکت کے لئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ ۲۰ ستمبر، ۲۰۱۷ء ہے۔
اسٹارپ اپ کپ میں شریک ہونے والے نئے کاروباری اداروں کو بھرپوررہنمائی فراہم کی جاتی ہے اور انہیں مقابلہ کے دوران اُن کی کارکردگی کی بنیاد پر جانچا جاتا ہے۔ یہ نشستیں اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور میں منعقد ہوں گی ۔ آن لائن درخواستیں اِس لنک پر بھیجی جاسکتی ہیں:
http://pakistan.startupcup.com/submit-your-idea-2/
دی انڈس انٹرپرینیورز اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مرتضٰی زیدی نے کہا کہ وہ اس مقابلے میں شرکت کے لئے بالخصوص خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ خواتین بعض شاندارکاروباری خیالات کو عملی جامہ پہنا رہی ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ گذشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی نصف نئے کاروباری ادارے خواتین کے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ۲۰۱۶ء میں ہم نے مشاہدہ کیا کہ خواتین کی قیادت میں متاثر کن ٹیموں نے پاکستان اسٹار اپ کے پورے عرصے کے دوران کاروباری خیالات کو ایک خواب سے آمدنی حاصل کرنے والی حقیقت کے رُوپ میں ڈھالا۔
امریکی سفارتخانہ کی ثقافتی امور کی افسر آرلیسا رینالڈز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کاروباری خوابوں کی تعبیر کے لئے جدوجہد کرنے والے پاکستانی کاروباری شخصیات کی حوصلہ افزائی کے لئے متعدد پروگرام پیش کرتا ہے اور پاکستان اسٹارٹ اپ کپ ترقی کے جذبے سے سرشار کاروباری شخصیات کو اپنے کاروباری ماڈلز کی آزمائش اور اُن کو بہتر بنانے کے لئے اہم ترین مواقع میں سے ایک ہے۔
پاکستان اسٹارٹ اپ کپ چیلنج ایک بزنس ماڈل مقابلہ ہے جو کسی بھی طرح کے کاروبار کے لئے کھلا ہے۔ یہ مقابلہ ایک جامع، نچلی سطح سے فروغ پانے والے کاروبار کو جلاء بخشنے کا پروگرام ہے جو کاروباری اداروں، کاروباری شخصیات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور کاروباری فضا کو سازگاربناتاہے۔ ۲۰۱۳ء سے اب تک ۲۴۰۰ پاکستانیوں نے اس مقابلے میں شرکت کی ہے۔
مزید معلومات کے لئے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجئے۔
http://pakistan.startupcup.com/
پاکستان اسٹارٹ اپ کپ کے بارے میں معلومات کے لئے اس ای میل ایڈریس پر رجوع کیجئے۔
###