2 اکتوبر 2021
رابطہ: پبلک افیئرز سیکشن
فوری طور پر جاری کرنے کیلئے
پاکستان اور امریکہ کے اقتصادی تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور دو طرفہ کوویڈ مخالف کوششوں کو فروغ دینے کیلئے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر کا دورہ کراچی
کراچی (2 اکتوبر 2021) – امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور کوویڈ-19 وبا پر قابو پانے کے لئے ویکسینیشن کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے 29 ستمبر سے یکم اکتوبر تک کراچی کا دورہ کیا جس میں پاکستان کے عوام کو ڈیڑھ کروڑ سے زائد فائزر ویکسین کی خوراک کے حالیہ امریکی عطیات اور آنے والے دنوں میں تقریبا ایک کروڑ مزید فائزر خوراکوں کا عطیہ دینے کا عہد شامل ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امریکی ناظم الامور کو ان کے دوسرے دورے کے لئے کراچی واپس آنے پر خوش آمدید کہا۔ ناظم الامور ایگلر نے سندھ کے گورنر عمران اسماعیل کے ساتھ سندھ کے عوام کے لئے بہتر معاشی مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا اور کراچی میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کے دوران ناظم الامور ایگلر نے کوویڈ-19 کا مقابلہ کرنے اور یو ایس ایڈ کی مالی معاونت سے چلنے والے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام سمیت سندھ میں تعلیم کے لیے سندھ کے صوبائی حکام کے ساتھ امریکی شراکت و حمایت پر روشنی ڈالی۔ ناظم الامور نے علاقائی سلامتی کے فروغ کے لئے امریکہ اور پاکستان کی کوششوں پر دونوں عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔
بعد ازاں ناظم الامور ایگلر نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر سے ملاقات کے دوران پاکستان کے اقتصادی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ اپنے دورے کے اختتام پر ناظم الامور ایگلر نے امریکی توانائی کمپنی ایکسلیریٹ کے نمائندوں سے ملاقات کی جس میں پورٹ قاسم پر سمندر میں لنگر انداز اسٹوریج ریگیسیفیکیشن یونٹ، ایکسکویزیٹ، اور پاکستان کے توانائی کے شعبے میں کمپنی کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ناظم الامور ایگلر کے دورے کی ایک خاص بات ان کی جانب سے امریکی قونصل خانہ کراچی کی "فضاؤں سے فلاح تک” مہم کا آغاز کرنا تھا تاکہ پاکستانی شہریوں کو کوویڈ-19 وائرس سے بچاؤ اور مزید زندگیاں بچانے کی ترغیب دی جا سکے۔ کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں ناظم الامور ایگلر نے سندھ کی وزیر برائے صحت و آبادی بہبود ڈاکٹر عذرا پیچوہو، معروف اداکارہ ماہرہ خان، گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے کے ہمراہ مہم کا آغاز کیا۔
امریکہ نے جولائی سے اب تک پاکستان کو تقریبا ایک کروڑ 58 لاکھ زندگی بچانے والی کوویڈ-19 ویکسین کی خوراکیں عطیہ کی ہیں اور اکتوبر میں فراہم کی جانے والی اضافی 96 لاکھ فائزر خوراکوں کے عطیہ کا اعلان کیا ہے۔ فائزر کے یہ ٹیکے اس موسم گرما میں امریکہ کی جانب سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے 92 ممالک کو فراہم کرنے کے لیے خریدی گئی 500 ملین فائزر خوراکوں کا حصہ ہیں تاکہ صدر بائیڈن کے دنیا بھر میں محفوظ اور موثر ویکسین فراہم کرنے اور وبا کے خلاف عالمی محاذ کو مضبوط کرنے کے عزم کو پورا کیا جا سکے۔ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حاشیے پر منعقدہ ورچوئل گلوبل کوویڈ-19 سربراہ اجلاس میں صدر بائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ دنیا بھر میں کم اور کم درمیانی آمدنی والے ممالک کو 500 ملین فائزر ویکسین اضافی فراہم کرے گا جس کی ترسیل جنوری 2022 میں شروع ہوگی۔ اس سے دنیا بھر میں امریکہ کی جانب سے عطیہ کیے جانے والے ٹیکوں کی کل تعداد 1.1 ارب سے زائد ہو جائے گی جو کہ دنیا کے کسی دوسرے ملک کے مقابلے میں امریکہ کی جانب سے عطیہ کی جانے والی مفت خوراک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ پاکستان میں امریکی کوویڈ-19 ویکسین کے عطیات کے بارے میں مزید جاننے کے لئے https://www.state.gov/countries-areas/pakistan دیکھیں۔
###