پاکستان: بعد از انتخابات بیان

امریکہ پاکستان میں گذشتہ روز ہونے والے انتخابات کے نتائج سےآگاہ ہے۔ امریکہ پاکستانی عوام بشمول کئی خواتین کی جرات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،جو ووٹ دینے کے لیے باہر نکلےاور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

ہم انتخابات کے روز کوئٹہ میں پولنگ اسٹیشن کے باہر تازہ ترین حملے سمیت دہشت گردی کے ہولناک واقعات کی مذمت کرتے ہیں، جنہوں نے اس پورے عمل کو متاثر کیا۔ ہم متاثرین اور اُن کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتےہیں۔

حکمرانی کے مستحکم جمہوری و سویلین اداروں کی ترقی اور فعال سول سوسائٹی پاکستان کے دیرپااستحکام او رخوشحالی میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔اس تناظر میں امریکہ انتخابات سے قبل کے مرحلے کے دوران رہ جانے والی خامیوں جس کی نشاندہی ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کی گئی ، سے متعلق خدشات رکھتا ہے۔ ان خامیوں میں قبل از انتخابی مرحلے کے دوران اظہار رائے اور وابستگی کی آزادی کی راہ میں حائل رکاوٹیں شامل ہیں جو پاکستانی حکومت کے مکمل صاف و شفاف انتخابات کے ہدف کے متضاد ہیں۔

امریکہ ، یورپی یونین الیکشن آبزوریشن مشن کے اخذ شدہ نتائج سے اتفاق کرتا ہے جن کے مطابق پاکستان میں انتخابات کے قانونی ضابطہ کار میں مثبت تبدیلیاں لائی گئی تھیں تاہم یہ آزادی اظہار پر عائد پابندیوں اور غیر مساوی اانتخابی مہم کے مواقع کی وجہ سے ماند پڑ گئیں۔ امریکہ کو دہشت گردی سے منسلک تنظیموں کی انتخابی عمل میں شرکت پر بھی گہرے تحفظات ہیں تاہم ہم پاکستانی ووٹرز کی جانب سے ایسے امیدواروں کوبدھ کو بیلٹ باکس پر مکمل طور سے مسترد کئے جانے کے عمل کو سراہتے ہیں۔

امریکہ اپنے بین الاقوامی اشتراک کاروں کے ساتھ ملکر تمام پاکستانیوں کی سیاسی شرکت کے مواقع کو وسعت دینے اور جائزجمہوری اداروں کو مزید مستحکم بنانے کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔ امریکہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے امور کے لئے نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔