16 اکتوبر 2018ء
رابطہ: کرش داس
فون نمبر: 35275000-021
برائے فوری اجرا
پاکستان میں نوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے مواقع کے لیے امریکی حکومت کی معاونت
کراچی: امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر نے روٹریکٹ کلب کراچی کے تحت منعقدہ فورم میں شرکت کرکے نوجوانوں سے تبادلہ خیال کیا اور معاشرے کی ترقی و خوشحالی کے لیے امن و رواداری کے فروغ میں نوجوانوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے مشن ڈائریکٹر برائے سندھ و بلوچستان جون اسمتھ سرین بھی دورے میں قونصل جنرل کے ساتھ تھے۔ روٹریکٹ کی ڈائریکٹر برائے افغانستان و پاکستان ڈاکٹر انعم اکرم نے روٹریکٹ کا جائزہ پیش کیا جبکہ روٹریکٹ کے رکن حسن ناوی والا نے کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے روٹریکٹ کے پروگراموں اور کلب کے کردار کے بارے میں آگاہی دی۔
پاکستان نوجوانوں کی آبادی کے لحاظ سے دنیا کے بڑے ممالک میں سے ایک ہے، نوجوانوں کی یہ تعداد پاکستان کو سیاسی، سماجی اور معاشی ترقی کا منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔ تاہم نوجوانوں کو تخلیقی و پیداواری کاموں میں مصروف رکھنا بھی ایک بڑا چیلنج ہے اسی لیے امریکی حکومت پاکستانی حکومت اور ملک بھر میں نوجوانوں کو معاونت فراہم کرتی ہے۔ نوجوانوں اور پالیسی سازوں کے درمیان روابط کے لیے پروگرام منعقد کرائے جاتے ہیں، نوجوانوں میں سماجی رواداری و اشتراک کو فروغ دینے والی تنظیموں کو مالی امداد دی جاتی ہے۔
امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے آج یہاں ایسے نوجوانوں کو دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے جو معاشرے کی ترقی و خوشحالی کے لیے خود اقدامات کررہے ہیں، تنظیمیں بنارہے ہیں اور عوامی مکالمے و تقریبات کے مقامات قائم کررہے ہیں۔ امریکی حکومت کی پاکستان میں امدادی سرگرمیوں میں سے کئی کا ہدف نوجوانوں کے لیے تعلیم، تربیت، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور شمولیت کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔‘‘
قونصل جنرل جو این ویگنر نے یو ایس ایڈ کے نوجوانوں سے متعلق دیگر پروگراموں کے بارے میں بتایا جن میں مختلف شعبوں کے سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز شامل ہیں جو طلبہ و اساتذہ کو ایکسچینج پروگرام کے تحت پارٹنر امریکی یونیورسٹیوں میں بھیجتے ہیں۔ جو این ویگنر نے سندھ میں 118 اسکولوں کی تعمیر میں مدد کا بھی تذکرہ کیا جو لاکھوں بچوں کے لیے روشن مستقبل کی نوید ہیں، اس کے ساتھ نوجوانوں کے لیے ملازمت کی تربیت، ملازمت کی تلاش یا اپنا کاروبار شروع کرنے میں مدد کے پروگراموں کے بارے میں بھی بتایا۔ کراچی میں یو ایس ایڈ نے اقوام متحدہ کے پروگرام برائے ترقی UNDP اور امن فاؤنڈیشن سے اشتراک کیا ہے اور 21 ہزار 500 سے زائد نوجوانوں کو مختلف ہنر و مہارتوں کی تربیت دی جاچکی ہے جن میں سے 65 فیصد نوجوان اب تک ملازمت حاصل کرچکے ہیں۔
پاکستان میں یو ایس ایڈ کے پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔ www.usaid.gov/Pakistan