اسلام آباد ( ۲۲ دسمبر ۲۰۲۱ء)- – کووڈ -۱۹ سے نمٹنے کی مشترکہ کوششوں کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے ریاستہائے متحدہ امریکہ نے فائزر کووڈ-۱۹ ویکسین کے مزید پچا س لاکھ ٹیکوں کی کھیپ پاکستان پہنچا دی ہے۔ اس عطیہ کی ترسیل کے بعد امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لوگوں کے لیے کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے عطیہ کردہ ٹیکوں کی تعداد تین کروڑ بیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
واضح رہے کہ فائزر کے تیار کردہ یہ ٹیکےامریکہ کی جانب سے رواں سال موسم گرما میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے ۹۲ ممالک میں تقسیم کرنے کی غرض سے خریدے جانے والے پچاس کروڑ فائزر ویکسین کی اُس کھیپ کا حصہ ہیں جو صدر بائیڈن کے اُس عزم کی تکمیل کی جانب ایک قدم ہے کہ امریکہ دنیا بھر میں محفوظ اور مؤثر ٹیکوں کی فراہمی یقینی بنانے اور وبا کے خلاف بین الاقوامی اقدامات کی حمایت کرے گا ۔یاد رہے کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ امریکی ویکسین وُصول کرنے والا مُلک ہے۔ امریکہ کورونا سے بچاؤ کے تیس کروڑ ٹیکے پہلے ہی دنیا بھر میں تقسیم کر چکا ہے۔
ریاستہائے متحدہ امریکہ نے حکومت پاکستان کے ساتھ اشتراک کار کے تحت چھ کروڑچورانوے لاکھ ڈالر کووڈ ۔۱۹کے سَدِباب کے لیے بطور امداد فراہم کئے ہیں۔ وباء کے آغاز سے لیکر ہی امریکہ نے بیماری کی روک تھام اور قابو پانے، مریضوں کی نگہداشت میں بہتری، لیبارٹری تشخیص میں وسعت، مرض کی نگرانی، تمام اضلاع میں متاثرین کی جانچ پڑتال اور صَفِ اوّل کے صحت کارکنوں کی مدد کی خاطر حکومت پاکستان کے ساتھ مِل جُل کر اقدامات اُٹھائے ہیں۔
کورونا وائرس کی اومی کرون قسم کے ارتقاء کے پیش نظر کووڈ-۱۹ کے خلاف کوششیں تیز کرتے ہوئے وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے ۲۱ دسمبر کو اعلان کیا ہے کہ امریکہ اپنے مختلف کثیر الجہتی شراکت داروں کو ۵۸ کروڑ ڈالرکی اضافی امداد فراہم کریگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ خاطر خواہ اضافی مالی اعانت ٹیکوں کو باضابطہ ٹیکوں کی مہم میں تبدیل کرنے، عوامی صحت سہولیات کی استعداد کار بڑھانے، ضرورت مند آبادیوں کی امداد اور زندگی بچانے کے لیے ہنگامی مدد فراہم کرنے پر صَرف کی جائے گی۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ کثیر الجہتی تنظیمیں مذکورہ کوششوں میں ناقابل فراموش کردار ادا کر رہی ہیں اور ۵۸ کروڑ ڈالرکی اضافی معاونت سے امریکہ وبا کے خاتمہ، عوامی صحت سہولیات کی بہتری اور ہنگامی امداد فراہم کرنے جیسی کوششوں کو جاری رکھنے اور تیز کرنے میں ایسے سات شراکت داراداروں کی مدد کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ کوویکس اقدامات کے تحت کووڈ۔۱۹ ٹیکوں تک عالمی رسائی میں توسیع کی بین الاقوامی کوششوں کی حمایت میں عطیات دینے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔
###