پاکستان کی سیکورٹی مضبوط بنانے کے لیے سرحدی چوکیوں کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح

اسلام آباد (۱۲  ِمئی ، ۲۰۱۷ ء)__ جنرل ہیڈ کوارٹر ز راولپنڈی میں  ڈی آئی جی ایف سی خیبر پختونخواہ   بریگیڈیر محمد یو سف ماجوکا اورشعبہ انسدادِمنشیات ونفاذِقانون (انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ  افئیرز)  کی ڈائر یکٹر  کیٹی اسٹا نا  نے سرحدی چو کیوں کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔  اس موقع پر ڈی آئی جی ایف سی خیبر پختونخواہ نے شعبہ انسدادِمنشیات ونفاذِقانون کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکی سفارتخانہ کا  انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ  افئیرز ایک عشرے سے زیادہ عرصہ سے ایف سی کے ساتھ کھڑا ہےاور پاکستان کی مغربی سرحد پر قانون نافذ کرنے والےاداروں اور عام شہریوں کےجانی نقصانات ، سرحد پاردراندازی ، اسمگلنگ اور منشیات ،اغواء برائے تاوان اور دیگرجرائم کو کم کرنے میں اعانت فراہم کر رہا ہے۔

یہ تقریب  ۲۰۱۴ء میں  شروع ہونے والے ایک کروڑ ڈالر لاگت کے تین سالہ منصوبے   کے مکمل ہونے کی خوشی میں منعقد کی گئی جس میں  پانچ کمپنی ہیڈ کوارٹرز ، تینتیس سرحدی چوکیوں کی تعمیر ، ۵۴حفاظتی چوکیوں کی تزئین و آرائش  شامل تھی ۔ قبل ازیں ۵۵ لاکھ  ڈالر کی لاگت سے ۵۴ سرحدی چوکیوں کی تعمیر جبکہ تیس تنصیبات کی تزئین و آرائش کی گئی۔

تقریب میں انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ  افئیرز اسلام آباد کی سربراہ کیٹی سٹانا  نے پاکستان کی افغانستان کے ساتھ سرحد پر  فر نٹیر کور  کی بطور اولین دفاعی لائن کردارکی تعریف کی اور اس کے ساتھ تعاون کو قابل فخر قرار دیا  ۔ کیٹی اسٹانا نے   خاص طور پر شعبہ انسدادِمنشیات ونفاذِقانون کے تعاون سے چترال ، مہمند اور باجوڑ ایجنسی   میں قائم سرحدی چوکیوں کا ذکر کیا جن سے  ۲۰۱۴ ء سے ۲۰۱۶ء کے دوران کئی حملوں میں انسداد منشیات اور سرحد پار در اندازی روکنے میں مصروف  عمل ایف سی اہلکاروں  کی قیمتی جانوں کو محفوظ بنانے  میں مدد ملی۔

شعبہ انسدادِمنشیات ونفاذِقانون انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ  رواں سال انسداد منشیات اہلکاروں کے تحفظ اور  فاٹا   اور پاک افغا ن سرحد پر   ایف سی کی موجودگی بہتر بنانے کے لیے  بلٹ پروف جیکٹس ، ہیلمٹ اور بم ڈسپوزل سوٹ کی فراہمی سمیت سازو سامان کی شکل میں پچاس لاکھ ڈالر مہیا کرے گا۔