اسلا م آباد (۲۸ ِاپریل، ۲۰۱۷ء) __ فکری املاک کے حقوق اور معاشی ترقی کے باہمی تعلق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستانی نژادامریکی اٹارنی اور پیٹنٹ ایکسپرٹ حارث باوجوہ نے رواں ہفتے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں طلبہ وطالبات اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ حارث باجوہ نے یہ دورہ پاکستان ،جو امریکی سفارتخانہ کے انٹرپرینیورشپ اسپیکر سیریز پروگرام ۲۰۱۷ء کا حصہ ہے، ۲۶ ِاپریل کو حقوق فکری املاک کے عالمی دن کے موقع پر کیا۔
حارث باجوہ نے،جنہوں نے گوگل اور سام سنگ جیسی کمپنیوں کے لئے پیٹنٹس وضع کرنے اور ان کے تحفظ کے لئے ایک عشرے سے زائد عرصہ کام کیا، اپنے دورہ پاکستان کے دوران ابتدائی مراحل طے کرنے والے پاکستانی کاروباری افراد، چھوٹے کاروبار کے مالکان اور انجینئرنگ کے طلبہ وطالبات کو اپنی اختراعات سرقہ ہونے سے بچانے اور نئی مصنوعات اور نت نئے طریقے اپناتے ہوئے اپنی مصنوعات کی قدر میں اضافہ کرنے کے لئے مشورے دیئے۔ انہوں نے پینل مباحثوں میں بھی شرکت کی جن میں جدت طراز ی میں حقوق فکری املاک کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے اس موقع پر سیالکوٹ میں برآمدی کمپنیوں کی کامیابی کی مثال پیش کی۔
حارث باجوہ نے اس رائے کا اظہار کیا کہ پاکستان میں انتہائی ذہین انجینئرز اور کارروباری افراد ہیں جنہیں مستقبل میں علم کی بنیاد پر معیشت کی تعمیر کے لئے فکری املاک کے مستحکم حقوق کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی کے وسیع امکانات جان کر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے حکومتی پالیسیاں حقوق فکری املاک کے نظام کو جلاء بخشیں گی ،ویسے ویسے یہ شعبہ تیزی سے ترقی کرے گا۔
اپنے دورے کے دوران حارث باجوہ نے نیشنل انکیوبیشن سینٹر، یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، کراچی میں دی نیسٹ اور لاہور میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سمیت مختلف اداروں میں طلبہ، اساتذہ اور دیگر لوگوں کے ساتھ بات چیت کی۔
آنے والے مہینوں میں امریکی سفارتخانہ کی انٹرپرینیورشپ اسپیکر سیریز کے تحت مارکیٹنگ اور نصاب وضع کرنے جیسے موضوعات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستانی کاروباری افراد کے لئے مزید پروگراموں میں تعاون کیا جائے گا۔
امریکی سفارتخانہ کے مختلف پروگراموں کے تحت پاکستانی کاروباری افراد کو مالیاتی وسائل تک رسائی میں اضافے، کاروباری تعلیم کے لئے مواقع میں معاونت اور پاکستان میں ایک سازگار کاروباری ماحول کو فروغ دینے کے لئے تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ ان پروگراموں میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کا پاکستان پرائیوٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو بھی شامل ہے جو پاکستان کے فعال اور تیزی سے پھلتے پھولتےچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لئے برابری کی بنیاد پرسرمائے کی مد میں دس کروڑ ڈالر سے زیادہ کی رقم مہیا کرے گا۔
۲۸ ِاپریل، ۲۰۱۷ء رابطہ: شعبہ امور عامہ
برا ئے فوری اجراء سفارتخانہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ
۲۷ /۲۰۱۷ فون:۰۵۱۲۰۱۵۴۲۷