29 اپریل 2019ء
رابطہ: کرش داس
فون نمبر: 35275000-021
برائے فوری اجرا
پاکستان کے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے یو ایس ایڈ کی جانب سے جدید ترین ٹیکنالوجی کی فراہمی
کراچی: امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر نے جدید ترین الیکٹرانک بیم (ای بیم) ارریڈی ایشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔ یہ منصوبہ امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کی فنڈنگ سے چلنے والے ایگریکلچرل مارکیٹ ڈیولپمنٹ (AMD) پروگرام کے تحت مکمل کیا گیا۔
ای بیم ارریڈی ایشن سینٹر سے فصل کی کٹائی کے بعد غذائی اشیا کے خراب ہونے اور معیار بگڑنے جیسے نقصانات میں کمی سے زرعی شعبے میں خاطر خواہ ہوگا۔ اس ٹیکنالوجی سے نہ صرف غذاؤں کی شیلف لائف اور مارکیٹ تک رسائی بڑھتی ہے بلکہ برآمدات کے لیے نئے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔
امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘ ہمیں خوشی ہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے جدید ترین ٹیکنالوجی کی فراہمی کے ذریعے پاکستان کے زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانے میں مدد مل رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیکنالوجی بھی پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے گیم چینجر ثابتہوگی۔’’
ای بیم ارریڈی ایشن ٹیکنالوجی میں پیک کردہ غذائی اور غیر غذائی اشیا میں الیکٹران کی شعاعیں گزاری جاتی ہیں جس کے ذریعے ان کی جلد اور مؤثر سینیٹائزیشن ممکن ہوتی ہے۔ پاکستان میں مروج دیگر طریقوں کے مقابلے میں ای بیم ارریڈی ایشن کے ذریعے سبزیوں اور پھلوں کی شیلف لائف اور معیار میں زیادہ اضافہ ہوتا ہے۔
یوایس ایڈ کے امریکا اور پاکستان کے شراکتی پروگرام ایگریکلچرل مارکیٹ ڈیولپمنٹ (AMD) کا مقصد پاکستان کے زرعی اور مویشیوں کے شعبے کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ چار خصوصی اہداف یعنی گوشت، نقدآور اور بےموسمی سبزیوں، آم اور کینو کی مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں بھرپور مسابقت کرسکے۔ اس پروگرام سے مقررہ اہداف کے پیداواری شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے، ان اشیا کا معیار اور قابل برآمد پیداوار کی مقدار بڑھانے میں مدد مل رہی ہے۔ کسانوں، پراسیس کمپنیوں، برآمد کنندگان اور پاکستانی زرعی مصنوعات کے عالمی خریداروں کے روابط کو فروغ مل رہا ہے جس کے نتیجے میں آمدن میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستانی عوام کے لیے ان شعبوں میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں۔
پاکستان میں یو ایس ایڈ کے مزید پروگراموں کے بارے میں جاننے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے: www.usaid.gov/Pakistan۔