اسلام آباد (۹ فروری ۲۰۲۲ء)— پاکستان کے لیے امریکہ کی جانب سے عطیہ کیے جانے والے کووڈ-۱۹ ٹیکوں کی تعدد رواں ہفتے پانچ کروڑ خوراکوں سے زائد ہو گئی جبکہ واشنگٹن پاکستانیوں کے لیے زندگی بچانے والی ویکسین کی ترسیل کے عزم کی تکمیل کے لیے کوششوں میں مصروفِ عمل ہے۔
اس موقع پر امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے کہا ہے کہ فائزر کی ۴۷ لاکھ خوراکوں پر مشتمل نئی کھیپ کی آمد کے بعد پاکستان کو فراہم کیے جانے والے ٹیکوں کی کُل تعداد پانچ کروڑ بیس لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔
امریکہ نے فائزر کے تیار کردہ ۴۷ لاکھ ٹیکوں پر مشتمل کھیپ کی گزشتہ ہفتے کے آخر میں پاکستان کو ترسیل کی ، جس کے بعد پاکستان کو امریکہ کی جانب سے عطیہ کی جانے والی ویکسین کی مجموعی تعداد پانچ کروڑ بیس لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
ناظم الامور اینجلا ایگلر نے مزید کہا کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ کوویکس کے تحت سب سے زیادہ ویکسین عطیہ کرنے والے ملک کے طور پر پاکستان کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے مرض سے تحفظ اور اُس پر قابو پانے کی کوششوں میں توسیع اور مریضوں کی دیکھ بھال میں اضافہ پر کام کر رہا ہے جبکہ مستقبل میں امراض کے پھیلاؤ سے نمٹنے کی مجموعی استعداد کار میں وسعت کے سلسلہ میں بھی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ یہ امر پاکستان کے قومی حفظانِ صحت نظام کی بہتری کے لیے ہماری اہم شراکت کی عکاسی ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کو مجموعی طور پر اٹھارہ کروڑ اُناسی لاکھ ٹیکے لگانے اورایک دن میں بیس لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگانے کے ریکارڈپر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی غیر معمولی کاوشوں سے امریکہ اور پاکستان مِل جُل کر بین الاقوامی سطح پر کووڈ-۱۹ کے پھیلاؤ کے خاتمہ کے سلسلہ میں حقیقی پیش قدمی کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ فائزر اور موڈرنا ویکسین کے علاوہ امریکہ نے پاکستان کو بارہ لاکھ این نائنٹی فائیو ماسک، ۹۶ ہزار سرجیکل ماسک، باون ہزار حفاظتی گوگلز، دس لاکھ کووڈ فوری ٹیسٹ آلات، بارہ سو سے زائد آکسی میٹرز اور ۶۴ ہسپتالوں کے لیے دو سو وینٹی لیٹرز بھی فراہم کیے ہیں۔ امریکہ کی حکومت نے پاکستان بھر میں تیس ہزار ر سے زیادہ خواتین صحت کارکنوں کو کووڈ-۱۹ کے مریضوں کی گھر ہی میں دیکھ بھال کی تربیت فراہم کی ہے اور مرض کی نگرانی اور رد عمل کے یونٹ اور ٹیموں کا نیٹ ورک بھی تشکیل دیا ہے۔ یہ ساری کوششیں امریکہ کی حکومت کی جانب سے پاکستان کے عوام کے لیے کووڈ-۱۹ کے سد باب کے لیے فراہم کی جانے والی سات کروڑ ڈالر پر مشتمل معاونت کا حصہ ہیں۔
کووڈ-۱۹ ویکسین کے متعلق مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل لنک ملاحظہ کریں:
https://www.state.gov/covid-19-recovery/vaccine-deliveries/
####