اسلا م آباد (۲ ِاگست ، ۲۰۱۸ ء) __ امریکی حکومت کے مالی تعاون سے چلنے والے تبادلہ پروگراموں کے ۷۰۰ سے زیادہ سابق شرکاء نے آج اسلام آباد میں پاکستان ۔یو ایس الومنائی نیٹ ورک ( پی یو اے این ) کے دسویں یوم تاسیس میں شرکت کی ۔تقریب میں تنظیم کےارکان کی اُن کے علاقوں میں فلاح و بہبود کی خدمات کا بھی اعتراف کیاگیا۔ امریکی حکومت کے پروگراموں میں شرکت کرنے والے سیاست دانوں، اسکالرز، صحافی اور کاروباری شخصیات کے ساتھ طالبعلموں نے بھی تقریب میں شرکت کر کےالومنائی تنظیم کے قیام کادس سال جشن منایا اور اپنے تجربات بیان کرنے کے ساتھ ساتھ، پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
امریکی ناظم الامور جان ہوور نے اِس موقع پر یوم تاسیس کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاک۔امریکہ تعلقا ت کا اہم ترین پہلو عوام ہیں اور تقریب میں موجود الومنائی جیسے افراد ہی مستقبل میں ملکی قیادت سنبھال کر محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کریں گے۔
الومنائی کے علاقائی صدر سید علی حماد نے شرکاء پر تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور امریکہ میں حاصل کیے گئے علم کو پاکستان بھر میں پھیلانے پرزور دیا۔ گزشتہ سال کے دوران الومنائی گروپ کے ارکان نے سماجی بہبود کی درجنوں سرگرمیوں کا اہتمام کرتے ہوئے تعلیم، لیڈرشپ کی تربیت، انسدادِ منشیات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں فعال کردار ادا کیا۔
حکومت ِ امریکہ پاکستانی شہریوں کے امریکہ میں حصول تعلیم پر سالانہ چار ارب ۸۰ کروڑ روپے خرچ کرتی ہے۔ لگ بھگ ۱،۰۰۰ سے زائد پاکستانی ہر سال ہائی اسکول، انڈر گریجوئٹ، گریجوئٹ اور پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں۔ پی یو اے این کے اس وقت ۲۵،۰۰۰ سے زیادہ ارکان ہیں اور ۲۰۰۸ ء میں الومنائی نیٹ ورک کے آغاز سے اب تک امریکہ نے پاکستانی طالبعلوں کو ۱۸،۰۰۰ سے زیادہ تعلیمی وظائف فراہم کئے ہیں ۔ پی یو اے این کے بارے میں مزید جاننے کے لئے درج ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کیجئے:
http:// www.pakusalumninetwork.com