پاک امریکہ باہمی تعلقات کے قیام کے پچھترویں یوم تاسیس کی سال بھر جاری رہنے والی مہم کا آغاز

اسلام آباد ( ۲۳ مارچ ۲۰۲۲ء)۔۔ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد نے  ‘یوم پاکستان’ کے موقع پر پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاک امریکہ باہمی تعلقات کے قیام کو پچھتر سال مکمل ہونے  پر  ایک مشترکہ مہم  کے آغاز کا  اعلان کیا ہے۔ امریکی ناظم الامور اینجلا پی ایگلر نے اس موقع پر کہا ہے کہ  اس سال ہم پاکستان کے قیام کی پچھترویں سالگرہ  اور باہمی تعلقات کے قیام کا پچھترواں یوم تاسیس منا رہے ہیں۔   امریکہ کی جانب سے پاکستان کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرنے کے بعد سے ہی ریاستہائے متحدہ امریکہ اور پاکستان    مضبوط شراکت سے لطف اندوز ہوئے ہیں اورہم اس پورے سال کے دوران مذکورہ شراکت کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کرنے  کے خواہاں ہیں۔

امریکہ اور پاکستان نے ماحولیات، تعلیم، عوامی صحت، تجارت اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ سمیت  متعدد مشترکہ  ترجیحات  پر تعاون کیا ہے۔  ہمارے تعلقات   دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان متحرک روابط کے ذریعہ پائیدار ہیں،  جس میں ریاستہائے متحدہ امریکہ میں قیام پذیر  پانچ لاکھ سے زیادہ  پاکستانی اور امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں دیگر افراد شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ۳۷ ہزارسے زیادہ پاکستانی امریکی حکومت کے متعددتبادلہ پروگراموں  کے المنائی ہیں، جو کہ دنیا  بھر میں  سب سے بڑا المنائی  گروپ   ہے۔

پچھترویں یومِ تاسیس کے موقع پر ہم  مختلف ثقافتی تقریبات اور پروگرام منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ  یہ جشن اور تقریبات آئندہ آنے والے کئی سالوں تک ہماری شراکت کا سنگ بنیاد ثابت ہوں گی۔

سال ۲۰۲۲ء کے دوران پچھترویں یوم تاسیس  منانے اور اس کے  بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے براہ مہربانی  ہمارے مختلف سماجی رابطہ  کے ذرائع پر ہیش ٹیگ "پاک یو ایس اے ایٹ سیونٹی فائیو "کو ملاحظہ کرتے رہیں۔

###