پاک امریکہ تعاون :پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے زیر اہتمام کمان سونپنے کی تقریب

       کراچی  (۲۱ ِستمبر، ۲۰۱۷ء)__ قائم مقام امریکی قونصل جنرل جان وارنر  اور پاکستان میں امریکی مشن کے دیگر نمائندوں  نے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) کی جانب سے ۱۱۰ فٹ طویل آئی لینڈ کلاس  دو گشتی کشتیوں کو ذمہ داریاں تفویض کئے جانے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔

یہ کشتیاں امریکہ نے ۷  ِدسمبر ۲۰۱۶ء کو گرانٹ منتقلی کے ذریعے پی ایم ایس اے کو فراہم کی تھیں۔ گزشتہ برس چالیس سے زیادہ پاکستانی ملاحوں نے بالٹی مور، میری لینڈ، میں ان گشتی کشتیوں کو چلانےاور  ان کے انتظام وانصرام کی  تربیت حاصل کی تھی۔

اِن کشتیوں  کی، جن کی مالیت لگ بھگ ایک  کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالرہے، منتقلی پاکستان اور امریکہ  کی سلامتی کے مشترکہ مفادات  کا حصہ ہے۔ ان کشتیوں کے ذریعے آزادانہ تجارت کو فروغ حاصل ہوگا ،جبکہ ان کی مدد سےمنافع بخش  منشیات اور ایسی ممنوعہ تجارت کا، جسے دہشت گرد اپنی تنظیموں کو سرمایہ فراہم کرنے اور اپنی شناخت خفیہ رکھنے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں،سراغ لگا نے اور اس کا انسداد کرنےکیلئے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو  گا۔

یہ ہماری باہمی سلامتی کو درپیش  مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے امریکی  اور پاکستانی افواج کے درمیان جاری تعاون کی متعدد مثالوں میں سے محض ایک  مثال ہے۔