پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر کانفرنس میں کامیاب تعلیمی اصلاحات کیلئے تعاون پر امریکی حکومت کی تعریف

کراچی: امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) اور حکومت سندھ کے باہمی اشتراک سے  تعلیم کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ(پی پی پی) پارٹنرشپ  پر پاکستان کے تعلیمی سربراہان کی  ایک قومی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔  اس کانفرنس نے لاکھوں بچوں اور نوجوانوں کو سیکھنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے امریکا اور پاکستان کی باہمی شراکت کو استوار  کرنے میں کردار ادا کیا۔

یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت کی جانب سے ایجوکیشن مینجمینٹ آرگنائیزیشن (ای ایم او) پالیسی کے ذریعے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات لانے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا جا رہا ہے۔ سندھ کے وزیر برائے تعلیم سید سردار علی شاہ اور یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر برائے سندھ و بلوچستان اینڈریو ریبولڈ نے کانفرنس میں شرکت کی، جبکہ صوبائی تعلیمی شعبہ جات،  اداروں اور ڈونر ایجنسیز کے نمائندگان بھی کانفرنس میں موجود  تھے۔

اس موقعے پر اینڈریو ریبولڈ کا کہنا تھا کہ  ” یو ایس ایڈ کے بنیادی تعلیمی پروگرام براے سندھ (ایس بی ای پی) کے ذریعے  ای ایم او اصلاحات کا منظم نظام بنانے کی کاوشوں میں سندھ حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے پر امریکا   فخر محسوس کر رہا ہے۔  مجھے خوشی ہے کہ ای ایم او کیلئے صوبائی تعلیمی شعبہ جات کے نمائندگان  کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔ "

وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے بنیادی تعلیم کے پروگرام ایس  بی ای پی میں یو ایس ایڈ کی مالی مدد اور تعلیم کے شعبے میں امریکا کے طویل مدتی تعاون کو سراہا ۔  کانفرنس میں یو ایس  ایڈ پاکستان کی ڈائریکٹر برائے تعلیم این فلکر نے خصوصی طور شرکت کی۔

کانفرنس کی نشستوں اور گتفتگو کے دوران پاکستان میں اعلی معیاری تعلیم تک منصفانہ رسائی   کو بہتر بنانے کیلئے  پی پی پیز کے کردار و اثرات  کو اجاگر کیا گیا۔  سندھ واحد صوبہ ہے، جس نے  سرکاری اسکولز کے نظم و نسق کو بہتر بنانے کی خاطر نجی اداروں کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے جدید ای ایم او پر کامیابی سے عملدرآمد کیا ۔

یو ایس ایڈ کے پروگرامز کے بارے میں  مزید معلومات کیلئے   ویبسائیٹ پر جائیں: www.usaid.gov/Pakistan

###