پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری ایلزبتھ ہورسٹ کےدورہ پاکستان میں سیلاب کےبعد بحالی میں معاونت پر تبادلہ خیال

اسلام آباد ( ۹ دسمبر ۲۰۲۲ء)-  امریکی محکمہ خارجہ کی پرنسپل  نائب معاون وزیر خارجہ برائے   جنوب اور وسط ایشیائی اُمور  ایلزبتھ ہورسٹ نے    حُکومت ِ پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ حالیہ سیلاب کے بعد بحالی   کے معاملات پر تبادلہ خیال کے لیے  آٹھ اور نو دسمبر کو اسلام آباد کا دورہ کیا۔ یہاں پر انہوں نے پاکستان کی سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمہ کے لیے اقدامات  اور      سیلاب کے بعد محرومی کا شکار برادریوں تک خدمات کی رسائی یقینی بنانے سے متعلق گفت و شنید کی۔

ریاستہائے متحدہ امریکہ نے  رواں سال آنے والے سیلاب کے  بعد بحالی کی کوششوں، غذائی تحفظ یقینی بنانے اور آفتوں سے  نبرد آزما ہونے  کی  تیاری  کے لیے پاکستان کو  نو کروڑ سَتّر لاکھ ڈالر کی معاونت فراہم کی ہے۔ ایلزبتھ ہورسٹ  کا دورہ بھی  سیلاب  کی تباہیوں کے بعد  بحالی کے عمل   اور    استعداد کار میں   بہتری  کی کوششوں میں  پاکستان کی حمایت   اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان "سبز اتحاد” کے قیام  کے سلسلہ  کا حصہ ہے۔  واضح رہے کہ امریکہ-پاکستان سبز اتحاد    ایک مجوزہ ڈھانچہ  ہے جس کے تحت زراعت، توانائی، پانی اوردیگر ماحولیاتی  معاملات میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنا اور موسمیاتی تبدیلی  سے بحالی  اور    شمولیت پر مبنی معاشی ترقی کو بڑھاوا دینے پر کام کیا جائے گا۔  حالیہ سیلاب کے  بعد مذکورہ معاملات مزید توجہ طلب ہو چُکے ہیں۔

اپنے دورے کے موقع پر  نائب معاون وزیر خارجہ  نے  وزیرِمملکت برائےاُمور خارجہ حنا ربانی کھر، موسمیاتی تبدیلی کی وفاقی وزیر  شیری رحمان، منصوبہ بندی، ترقی اور خُصوصی اقدامات کے وزیر احسن اقبال اور نیشنل ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیف آف اسٹاف  برگیڈیئر  نیک نام سے ملاقاتیں کیں۔  انہوں نے  امریکی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیلاب سے بحالی کی کوششوں، شفاف توانائی تک رسائی ، موسمیاتی تبدیلی  کے اثرات سے نمٹنے اور دونوں مُلکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمہ کے  لیے پاکستان   کی حمایت کی جائے گی۔

ایلزبتھ ہورسٹ نے  امدادی سرگرمیوں، خواتین ، بچوں اور اقلیتوں کے حُقوق  کے ماہر سول سوسائٹی   کےماہرین سےبھی تبادلہ خیال کیا اور  امریکہ کا موقف واضح کیا کہ   امدادی   سرگرمیوں اور بحالی کی کوششوں کے ثمرات تمام تر متاثرہ گروہوں تک پہنچنے چاہئیں۔یاد رہے کہ پاکستان کے ساتھ  پچہتر برس   سے زیادہ عرصہ پر مُحیط شراکت کو امریکہ نے ہمیشہ ہی اہمیت دی ہے۔  جیسا کہ پاکستان سیلاب سے بحالی کی کوششوں میں مصروف ہے،   ہم متاثرہ برادریوں کی معاونت کے عزم مُصَمَّم پر پوری طرح کاربند ہیں۔

###