05 اکتوبر 2018ء
رابطہ: کرش داس
فون نمبر: 35275000-021
برائے فوری اجرا
کراچی میں امریکی امداد سے چلنے والے اسکول میں عالمی یومِ اساتذہ کی تقریب
کراچی: امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کی امداد سے چلنے والے سندھ کمیونٹی موبیلائزیشن پروگرام (SCMP) کے تحت دنبہ گوٹھ، گڈاپ ٹاؤن ضلع ملیر کے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول میں عالمی یوم اساتذہ کی تقریب منعقد کی گئی۔
یو ایس ایڈ کے قائم مقام ڈپٹی مشن ڈائریکٹر برائے سندھ و بلوچستان مائیکل رائیشکیشن اور سندھ کے سیکریٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز نے تقریب میں شرکت کی۔ سندھ کمیونٹی موبیلائزیشن پروگرام یو ایس ایڈ کے سندھ بنیادی تعلیمی پروگرام کا ایک جزو ہے۔
اس تقریب کا مقصد یہ تھا کہ طلبہ، اسکول کا عملہ اور علاقائی لوگ اساتذہ کی خدمات، ان کے کردار اور لگن سے آگاہی حاصل کریں اور اسے سراہیں۔ پاکستان کے مستقبل کی نسل کو پروان چڑھانے کے سلسلے میں خدمات کے اعتراف میں اساتذہ کو سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔
مائیکل رائیشکیشن نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘امریکی حکومت گزشتہ کئی سال سے سندھ سمیت پاکستان بھر میں اساتذہ کی تربیت کے سلسلے میں حکومت سے تعاون کررہی ہے تاکہ پاکستان تعلیمی معیار میں بہتری اور طلبہ کی رسائی بڑھانے کے اپنے اہداف حاصل کرسکے۔ یو ایس ایڈ نے پاکستان بھر میں اساتذہ کی تربیت کے لیے سرٹیفکیٹ، ڈپلوما اور ڈگری کورس مرتب کرنے میں معاونت کی ہے، ہزاروں اساتذہ کی تربیت کی ہے اور طلبہ کو پڑھانے کے لیے اساتذہ کو اضافی مواد کی تیاری میں مدد دی ہے۔’’
عالمی یومِ اساتذہ کا اس سال کا موضوع ’’تعلیم کے حق کا مطلب اہل استاد سے تعلیم کا حق ہے‘‘ اس بات پر زور دیتا ہے کہ تربیت یافتہ اور اہل اساتذہ تعلیم کے حق کے لیے لازمی ہیں۔ کیونکہ اساتذہ معیاری، یکساں اور قابلِ رسائی تعلیم کے لیے سب سے مؤثر اور طاقتور کردار ادا کرتے ہیں۔
پاکستان میں یو ایس ایڈ کے پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔ www.usaid.gov/Pakistan