اسلا م آباد (۲۲ اپریل، ۲۰۱۸ء) __ کراچی کی ٹیم ‘‘ریٹیلستان’’ نے امریکی سفارتخانے کے تعاون سے ہونے والے ۱۸۔۲۰۱۷ کے اسٹارٹ اپ کپ مقابلے کے فائنلز میں سترہ دیگر ٹیموں کو شکست دیتے ہوئے دس لاکھ وپے کا پہلا انعام جیت لیا۔ اس کاروباری مقابلے کے لئے امریکی سفارتخانہ نے تعاون کیا تھا۔ پاکستان کی معیشت مستحکم ہونے اور ملازمتوں کے مواقع بڑھنے سے امریکہ اور پاکستان دونوں مستفید ہوتے ہیں۔ اسٹارٹ اپ کپ میں ہماری سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت میں نمو میں تیزی اور معاشی ترقی میں تعاون کے لئے امریکہ کے فعال پروگرام کا محض ایک حصہ ہے۔
ریٹیلستان کی ٹیم نے موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے چھوٹے پیمانے کے اسٹورز کے لئے اشیائے صرف کی ڈسٹری بیوشن کو تبدیل کرنے کا ایک اسٹارٹ اپ منصوبہ پیش کیا۔ یہ ٹیم اس انعامی رقم کو اپنے کاروبار میں استعمال کرے گی۔ ٹیم اب عالمی اسٹارٹ اپ کپ ۲۰۱۸ کے مقابلے میں شرکت کی اہل ہوگی جس کا انعقاد امریکہ میں کیا جائے گا۔
اسلام آباد کی ٹیم ‘‘پرائس اوئے’’ شاپنگ انٹیلی جنس سروس کے منصوبے جس کے تحت صارفین کو قابل اعتماد سائٹس سے متعارف کرایا جاتا ہے، کے ساتھ مقابلے میں دوسری فاتح ٹیم قرار پائی اور اس نے ساڑھے سات لاکھ روپے کا انعام جیتا۔ تیسرے انعام کے لئے مقابلہ برابر رہا اور پانچ لاکھ روپے کا تیسرا انعام لاہور کی آئی آٹومیٹ جس نے جوائے اسٹک یا آنکھوں کی حرکت سے چلائی جانے والی ویل چیئر متعارف کرائی ہے اور اسلام آباد کی آربٹ جس نے وسعت پذیر حقیقی تعلیمی ایپلیکیشن متعارف کرائی ہے، دونوں نے حاصل کیا ۔
امریکی سفارتخانہ کے نائب سفیر جان ہوور نے حتمی مراحل میں پہنچنے والی ٹیموں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات کا مکمل ادراک ہے کہ آپ لوگوں کا کاروبار بھرپور طریقے سے کامیاب ہوسکتا ہے۔ گذشتہ سال کے مقابلے کے بعد کامیاب ہونے والی تقریباً ۹۰ فیصد کمپنیوں نے مطلع کیا ہے کہ اسٹارٹ اپ کپ کے ذریعے ملنے والی رہنمائی و تربیت کی بدولت ان کے کاروبار میں ترقی ہوئی ہے ۔
۱۸۔۲۰۱۷ اسٹارٹ اپ کپ کا انعقاد دی انڈس انٹرپرینیورز (ٹائی) نے کیا تھا جبکہ اس کا آغاز گذشتہ موسم خزاں میں ہوا۔ درخواست گزاروں نے بائیس سو سے زائد کاروباری خیالات پیش کئے اور ٹائی نے اسٹارٹ اپ کپ کے تحت تربیت و سرگرمیوں جن میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، پشاور اور گلگت میں ورکشاپس، رہنمائی کے مواقع اور جانچنے کی نشستوں کا انعقاد شامل ہے، میں شرکت کے لئے ۶۶۵ ٹیموں کا انتخاب کیا تھا۔ علاقائی مقابلوں میں جو گذشتہ چھ ماہ کے دوران منعقد کئے گئے، رہنمائوں نے اٹھارہ ٹیموں کا انتخاب کیا جو اسلا م آباد فائنلز تک پہنچیں۔
ٹائی اسلام آباد کی صدر سارہ ہاشوانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئے کاروبار شروع کرنے والوں کی حوصلہ افزائی پر مبنی معاشی نمو کے اقدامات میں تعاون کے لئے امریکی سفارتخانہ کے اقدامات کو سراہتی ہیں اور وہ اس مقابلے کے پورے چھ مہینوں کے دوران شریک ٹیموں سے بہت متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نےکہا کہ شرکت کرنے والی ٹیموں کی کاروباری بصیرت سے ہمارے اس یقین کو تقویت ملی ہے کہ درست تعاون کی بدولت نئے کاروبار پاکستان کے معاشی انجن کا ایک مربوط حصہ بن سکیں گے۔
اسٹارٹ اپ کپ پاکستان کے بارے میں مزید معلومات کے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔
http://pakistan.startupcup.com/
###