کرسمس کے موقع پر امریکہ کا پاکستان کو مزید پچاس لاکھ کورونا ویکسین کا تحفہ

اسلام آباد (۲۵ دسمبر۲۰۲۱ ء)۔۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ نے کوویکس سہولت کے تحت کرسمس کے خصوصی موقع پر پاکستان کو مزید پچاس لاکھ کووڈ۔۱۹ویکسین کا تحفہ دیا ہے۔ اس عطیہ کا کرسمس کے دن یا کچھ بعد پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔ اس کھیپ کی آمد کے بعد امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان  کے لوگوں کے لیے عطیہ کیئے جانے والے ٹیکوں کی مجموعی تعداد تین کروڑ ستر لاکھ ہوجائے گی۔

اس موقع پر امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی ناظم الاُمور اینجلا ایگلر نے کہا ہے کہ تہوار کے موقع پر اپنے چاہنے والوں کے لیے سب سے اچھا تحفہ اُن کو ویکسین لگوانا ہے اس لیے لوگوں کو چاہیئے کہ نئے سال کا جشن خود کو کورونا سے تحفظ کا ٹیکہ لگوا کر منائیں۔

واضح رہے کہ فائزر کے تیار کردہ یہ ٹیکےامریکہ کی جانب سے رواں سال موسم گرما میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے ۹۲ ممالک میں تقسیم  کرنے کی غرض سے خریدے جانے والے پچاس کروڑ فائزر ویکسین کی اُس  کھیپ کا حصہ ہیں جو صدر  بائیڈن کے اُس عزم کی تکمیل کی جانب ایک قدم  ہے کہ امریکہ دنیا بھر میں محفوظ اور مؤثر ٹیکوں کی فراہمی یقینی بنائے گا اور وبا کے خلاف بین الاقوامی اقدامات کی حمایت کرے گا۔ امریکہ کورونا سے بچاؤ کے تیس کروڑ  ٹیکے پہلے ہی دنیا بھر میں تقسیم کر چکا ہے۔

ریاستہائے متحدہ  امریکہ نے حکومت پاکستان کے ساتھ اشتراک کار کے تحت  چھ  کروڑچورانوے لاکھ ڈالر کووڈ۔۱۹ کے سَدِباب کے لیے بطور امداد فراہم کئے ہیں۔ وبا کے آغاز سے لیکر ہی امریکہ نے بیماری کی روک تھام اورقابو پانے، مریضوں کی نگہداشت میں بہتری، لیبارٹری تشخیص میں وسعت، مرض کی نگرانی، تمام اضلاع میں متاثرین کی جانچ پڑتال اور صَفِ اوّل کے صحت کارکنوں کی مدد کی خاطر حکومت پاکستان کے ساتھ مِل جُل کر اقدامات اُٹھائے ہیں۔

رواں ہفتہ کے اوائل میں امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ سات کثیرالجہتی شراکت داروں کو۵۸ کروڑ ڈالرکی مالی اعانت وبا کے خاتمہ، عوامی صحت سہولیات کی استعداد کاربڑھانے اورہنگامی امدادی اقدامات کے لیے فراہم کی جائے گی۔ اقوام متحدہ کے عالمی انسانی ردعمل منصوبہ  برائے  کووڈ۔۱۹ کی وضع کردہ ترجیحات سے مطابقت رکھتے ہوئے امریکہ ڈبلیو ایچ او کو اٹھائیس کروڑ، یونیسیف کو سترہ کروڑ، پین امیریکن ہیلتھ آرگنائیزیشن کوساڑھے سات کروڑ، یو این ڈی پی اور یو این ایف پی اے کودو دو کروڑ، ایف اے او کو ایک کروڑ اور یو این ویمن کو پچاس لاکھ ڈالر دیگا۔

###