اسلام آباد ( ۴ ستمبر ۲۰۲۱ء)ـــ ریاستہائے متحدہ امریکہ آئندہ دس روز کے دوران پاکستان کو کوویکس سہولت کے تحت فائزر ویکسین کے ۶۶ لاکھ اضافی ٹیکے فراہم کریگا۔ اِن خوراکوں کی فراہمی کے بعد امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کو عطیہ کردہ ویکسین کی تعداد ایک کروڑ اٹھاون لاکھ ہوجائے گی۔
یہ ۶۶ لاکھ ٹیکےامریکہ کی جانب سے رواں موسم گرما میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے ۹۲ ممالک اور معیشتوں میں تقسیم کرنے کی غرض سے خریدے جانے والے پچاس کروڑ فائزر ٹیکوں کی اُس کھیپ کا حصہ ہیں جو صدر جو بائیڈن کے اُس عزم کی تکمیل کی جانب ایک قدم ہے جس کے تحت امریکہ دنیا بھر میں محفوظ اور مؤثر ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے اور وبا کے خلاف بین الاقوامی اقدامات کی حمایت کررہا ہے ۔
اس موقع پر امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور اینجیلا پی ایگلر نے کہا کہ امریکہ کووڈ۔۱۹ کی چوتھی لہر سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ پاکستان کو ویکسین کی فراہمی کی ہماری مشترکہ کوششوں اور پاکستانی شہریوں میں اُن کی فوری تقسیم سے پاکستان میں ویکسین کی مکمل خوارک لگوانے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ حفظانِ صحت کے کارکنوں پر دبائوکم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکوں کی یہ خوراکیں ایک ایسے موقع پر آ رہی ہیں جب کم از کم سترہ سال عمر تک کےپاکستانی نوجوان بھی ویکسین کی پہلی خوراک سے مستفید ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکہ کووڈ۔۱۹کی روک تھام کیلئے حکومت ِپاکستان کے ساتھ اشتراک میں چھ کروڑ تیس لاکھ ڈالرسے زیادہ کی اعانت فراہم کر چُکا ہے۔ یہ وبا پُھوٹنے سے لے کر اب تک امریکہ نے بیماری سے تحفظ اور اُس کے خاتمے، مریضوں کی دیکھ بھال میں بہتری لانے، لیبارٹری میں تشخیص کے طریقوں میں وسعت پیدا کرنے اور صف اول میں کام کرنے والے طبی کارکنوں کی مدد کیلئے پاکستان کے ساتھ مِل کرکام کیا ہے۔
امریکہ عالمی سطح پر کووڈ۔۱۹ویکسین تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں کوویکس پروگرام کوسب سے زیادہ اعانت فراہم کرنے والا ملک ہے۔
###