اسلا م آباد (۲۸ ِاپریل، ۲۰۱۷ء) __ ویمن وِن فاؤنڈیشن سے منسلک کھیلوں کی دس امریکی ماہرین نےاسپورٹس میں لڑکیوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی غرض سے ورکشاپس اور مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کے لئے ۱۷ سے ۲۸ ِاپریل تک اسلام آباد اور کراچی کا دورہ کیا۔
کھیلوں کی امریکی ماہرین کے دورہ پاکستان کے لئے فنڈز امریکی سفارتخانہ نے فراہم کئے تھے اور اس کا اہتمام رائٹ ٹو پلے پاکستان نے کیا تھا۔ امریکی ماہرین نے نوجوان لڑکیوں کے حقوق اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کی غرض سے کھیلوں کو بروئے کارلانے کے حوالے سے پاکستان میں اسپورٹس حکام کے ساتھ اشتراک کیا۔
ویمن ون فاؤنڈیشن کی امریکی ڈائریکٹر سارہ میورے نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پاکستان میں نوجوان لڑکیوں کو اپنے حقوق کھیل کے ذریعے حاصل کرنے کے لئے بااختیار بنانے میں تعاون کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ خواتین پر کی جانے والی سرمایہ کاری دُور رس مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بااختیار لڑکی یا عورت اپنے خاندان کے لئے بہتر زندگی، ایک مضبوط کمیونٹی، مستحکم ترقوم اور بالآخر مجموعی طور پر ایک زیادہ مساوی دنیا تعمیر کرتی ہے۔
پاکستان کا دورہ کرنے والی امریکی ماہرین نے راولپنڈی کے سر سید پبلک اسکول سے تعلق رکھنے والے انگلش ایکسس مائیکرواسکالرشپ پروگرام کے طالبعلموں کے لئے ایک اسپورٹس کلینک سمیت پاکستانی طلبہ کے لئے کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا ۔
امریکی سفارتخانہ لڑکیوں کے حقوف اور صنفی مساوات میں معاون سرگرمیوں کے انعقاد کے لئے ویمن ون فاؤنڈیشن کے ساتھ اشتراک کار جاری رکھے گا۔ اس پروگرام کے اگلے مرحلے کے دوران ویمن وِن فاؤنڈیشن پاکستانی کوچز اور ایتھلیٹس کے لئے ایک لیڈر شپ کیمپ کا انتظام کرے گا۔ امریکی سفارتخانہ سمر سسٹرز ایکسچینج پروگرام اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے صنفی مساوات کے پروگرام جیسے دیگر اقدامات کے ذریعے بھی پاکستانی خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے اعانت کرتا ہے