اسلام آباد( ۱۶ فروری ۲۰۲۲ء )- یوایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان (یو ایس اِی ایف پی) کے پہلے مستقل صدر دفتر کا آج یہاں سنگ بنیاد رکھے جانے سے یہ دن امریکہ اور پاکستان کے پچہتر سالوں پر مُحیط تعلقات کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔
اس موقع پر منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی ناظم الاُمور اینجلا ایگلر نے کہا کہ آج سنگ بنیاد رکھنے کی یہ تقریب یو ایس ای ایف پی اور آپ میں سے ہر ایک اس فرد کے شاندار کام کے سلسلہ میں صرف ایک اور قدم ہے جو ہمارے لوگوں کو تعلیم کے ذریعہ ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں اور برسوں تک یہ سلسلہ جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں۔
ریاستہائے متحدہ امریکہ اور پاکستان نے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے طالبعلموں کے تبادلہ کے مقصد سے ۱۹۵۰ء میں با ضابطہ طور پر ایک باہمی کمیشن قائم کیا تھا ، جس کو اب یو ایس اِی ایف پی کہا جاتا ہے۔ یو ایس اِی ایف پی آج کل وسیع پیمانہ پر تعلیمی اور پیشہ ورانہ تربیت کے پروگراموں کا نظم و نسق چلاتا ہے، جس میں امریکہ اور پاکستان کے مابین دنیا میں سب سے بڑا فل برائٹ اسکالر شپ پروگرام بھی شامل ہے اور اس پروگرام کے مُلک بھر میں کئی ہزار الو منائی قائدانہ ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
اس موقع پر یو ایس اِی ایف پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا اختر نے کہا کہ وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے ) کی جانب سے اس منصوبہ کے لیے زمین کا عطیہ دینا اور معروف ماہر تعمیرات نیئرعلی دادا کی اس کام میں شمولیت اس امر کا اضافی عندیہ ہیں کہ پاکستان کس طرح امریکہ کی جانب سے پیش کیے جانے والے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو قد ر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
یو ایس ای ایف پی کا جدید سہولیات سے آراستہ نیا صدر دفتر امریکی حکومت کی معاونت سے فعال تبادلہ پروگراموں ، جیسا کہ فل برائٹ پروگرام ،کے انتظامات چلانے اور ایجوکیشن یو ایس اے کے اسلام آباد میں مشاورتی مرکز اور امریکہ میں تعلیم کے مواقع میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانی طالبعلموں کو خدمات فراہم کرے گا.
###