اسلام آباد (۱۹ ِاکتوبر، ۲۰۱۶ء) __ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) اور خوراک و زراعت کے عالمی ادارہ (ایف اے او) نے یوایس ایڈ کے مالی تعاون سے ۳۲ ملین ڈالر مالیت کے بلوچستان زرعی منصوبے کی کامیاب تکمیل کی مناسبت سے ایک مشترکہ تقریب کا انعقاد کیا۔ اس منصوبے پر ایف اے اونے عملدرآمد کیا تھا۔ اس منصوبے کے دائرہ کار میں صوبہ بلوچستان کے آٹھ اضلاع اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات میں زرعی ترقیاتی سرگرمیاں شامل تھیں۔
یوایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر جان گرورک نے اسلام آباد میں منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوایس ایڈ کو بلوچستان میں اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے حکومت، مقامی لوگوں اور ایف اے او کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے۔ "ہمیں اس منصوبے کے تحت متعلقہ علاقوں میں لوگوں کے روزگار میں زبردست بہتری رونما ہونے پر خوشی ہے۔”
یو ایس ایڈ نے اس منصوبے ذریعے ۸۲۶ سماجی تنظیمیں قائم کیں ،جن سے سولہ ہزار گھرانوں کی آمدنیوں میں اضافہ ہوا۔ اس منصوبے نے مقامی آبادیوں اور کاشتکاروں کو اپنی فصلوں اور مویشیوں کی پیداوار، ان کی فروخت اور آمدن بڑھانے میں مدد دی۔ کاشتکاروں نے جانورپالنے کے نت نئے طریقوں، مویشیوں کی بہتر نسلوں ، بہتر بیجوں اور پانی کا انتظام و انصرام کرنے کے زیادہ باکفایت طریقوں کے بارے میں سیکھا۔ اس منصوبے سے کاشتکاروں کو مقامی تنظیمیں ، منڈی میں کاشتکاروں کے اجتماعات اور اشیاء کی درجہ بندی، انھیں ڈبوں میں محفوظ کرکے منڈی میں فروخت کرنے کیلئے باہمی انجمنیں قائم کرنے اور انھیں تربیت فراہم کرنے،نیز ان اشیاء کو بہتر داموں خریدنے والی منڈیوں کی تلاش میں بھی مدد ملی۔
اس منصوبے سے آمدن والی سرگرمیوں اور صوبے کی زرعی پالیسیوں میں خواتین کی شمولیت بڑھانے، نیز منڈی کی بنیاد پر اور مقامی آبادیوں کی شمولیت پر مبنی سرمایہ کاری کیلئے قانونی اور نگرانی کیلئے ڈھانچے کے قیام میں بھی مدد ملی۔