15 مارچ 2019ء
رابطہ: کرش داس
فون نمبر: 35275000-021
برائے فوری اجرا
یو ایس ایڈ کے سندھ بیسک ریڈنگ پروگرام سے متعلق تحقیقی رپورٹ کا اجرا
کراچی: امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے ڈائریکٹر برائے سندھ و بلوچستان مائیکل رائیشکیشن نے یو ایس ایڈ کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP) کے تحت ’’پڑھائی میں معاونت‘‘ کی اہمیت سے متعلق تحقیقی رپورٹ کا اجرا کردیا۔
‘Early Grade Reading Innovations for Quality Education – Prospects for Scaling up’ کے عنوان سے تیار کی گئی رپورٹ سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے ذیلی منصوبے سندھ کیپیسٹی بلڈنگ پروجیکٹ (SCDP) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں پیش کی گئی۔
یہ تحقیق آغا خان یونیورسٹی کے ادارہ برائے تعلیمی ترقی (AKU-IED) کو تفویض کی گئی تھی اور اس کا مقصد یو ایس ایڈ کے سندھ ریڈنگ پروگرام (SRP) کی کامیابیوں کا جائزہ لینا تھا۔ ایس آر پی بھی سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کا ایک جزو ہے جس کا ہدف سندھ کے مخصوص علاقوں کے سرکاری اسکولوں میں پہلی اور دوسری جماعت کے طلبہ کی پڑھنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر برائے سندھ و بلوچستان مائیکل رائیشکیشن نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اس پروگرام کا بنیادی مقصد سندھ کے محکمہ تعلیم و خواندگی کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے پائیدار نفاذ، اختراعی طریقوں اور تجربات کی روشنی میں تعلیمی اداروں کا معیار بہتر کرسکے۔
پالیسی سازوں کے لیے یہ اہم ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے تحقیقی طور پر ثابت شدہ شواہد کی روشنی میں پالیسیاں تشکیل دیں اور طریقہ ہائے کار کا انتخاب کریں۔ سندھ کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی نمائندہ ڈاکٹر فوزیہ خان کا کہنا تھا کہ ’’سندھ حکومت تعلیمی شعبے میں تحقیق کو خصوصی توجہ دیتی ہے اور محکمہ تعلیم میں تحقیق کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘
رپورٹ کے مطابق یو ایس ایڈ کے سندھ ریڈنگ پروگرام کے ذریعے اب تک 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ مستفید ہوچکے ہیں اور 15 ہزار 500 سے زائد اساتذہ کو طلبہ کی پڑھنے کی صلاحیت بڑھانے کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔ جس کے نتیجے میں ایس آر پی پروگرام سے استفادہ کرنے والے طلبہ نے پڑھائی کے امتحان میں دیگر طلبہ کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان کے تعلیمی شعبے میں یو ایس ایڈ کی معاونت کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔ www.usaid.gov/Pakistan