لاہور،6 اپریل 2023 ۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس اے آئی ڈی) نے آج لاہور میں افطار کا اہتمام کیا جس میں مشن ڈائریکٹر ریڈ ایشلیمین نے مختلف شعبوں میں امریکہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات پر اظہار خیال کیا۔ ڈپٹی مشن ڈائریکٹر یوہانس آریا اور قونصل جنرل ولیم میکانیولے بھی افطار میں ان کے ساتھ شریک تھے۔ افطار میں سرکاری اور نجی شعبوں، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے 80 سے زائد مہمان شامل تھے۔
مشن ڈائریکٹر ایشلیمین نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا، "امریکہ اور پاکستان 75 سال سے مضبوط شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک کے مفادات اور اقدار کافی مشترک ہیں، جس کا مظہر ہماری وسیع پیمانے پر شراکت داری ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آج اور آنے والے دور کے چیلنجز کا مقابلہ جامع اور مقامی حکمت عملی کے ساتھ کر رہے ہیں”۔
اس موقع پر مشن ڈائریکٹر ایشلیمین نے امریکہ- پاکستان گرین الائنس پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا فریم ورک ہے جو زراعت، توانائی، پانی اور دیگر ماحولیاتی مسائل سے متعلق مشترکہ چیلنجز سے نمٹتا ہے۔ گرین الائنس موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں مددگار ہوگا۔آخر میں ریڈ ایشلیمین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یو ایس اے آئی ڈی کی کاوشوں میں ان کی بھرپور معاونت کو سراہا-
امریکی قونصل جنرل لاہور ولیم میکانیولے نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ صوبہ پنجاب کےعوام کے ساتھ مختلف شعبوں میں دیرینہ تعلقات رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں آنے والے سالوں میں امریکہ اور صوبہ پنجاب کے درمیان شراکت داری کو مزیدفروغ دینےکے لیے کوشاں رہوں گا”۔
افطار میں یو ایس اے آئی ڈی اور امریکی قونصلیٹ کی قیادت اور مہمانوں نے پنجاب میں ترقیاتی مواقع اور چیلنجز پر بات چیت کی۔ یو ایس اے آئی ڈی نے کووڈ- 19کے سبب کئی سالوں سے معطل لاہور میں افطاری کی سالانہ روایت دوبارہ بحال کی۔