08 مارچ 2019ء
رابطہ: کرش داس
فون نمبر: 35275000-021
برائے فوری اجرا
’’یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز‘‘ سے 40 طلبہ کی گریجویشن
کراچی: امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر نے مہران یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے کانووکیشن میں شرکت کی۔ انھوں نے اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ’’یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز ان واٹر‘‘(USPCAS-W) سے گریجویشن کرنے والے طلبہ میں ڈگریاں اور میڈل تقسیم کیے۔ یہ 40 گریجویٹ ان طلبہ میں شامل ہیں جنھوں نے امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی(USAID) کی مالی معاونت سے امریکا کی یونیورسٹی آف یوٹا کے طلبہ و اساتذہ کے ایکسچینج پروگرام میں بھی حصہ لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یوایس ایڈ کی امداد کو سراہا اور صوبے میں تعلیم و صحت کے منصوبوں میں مدد پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ پاکستان کی تعمیر نو کے لیے تبدیلی کے نقیب اور فرق ثابت ہوں۔ یہاں سے حاصل کردہ نئی معلومات اورمہارتوں کے ذریعے آپ پاکستانی عوام کی صاف پانی، نکاسی آب اور حفظان صحت کی سہولتوں تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور اس کے علاوہ پانی کے ماحولیاتی نظام کی حفاظت اور ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کرسکتے ہیں۔‘‘
مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی، وزیرتعلیم سندھ سید سردار علی شاہ اور یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر برائے سندھ و بلوچستان مائیکل رائیشکیشن بھی تقریب میں شریک تھے۔
مہران یونیورسٹی کا ’’یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز‘‘ امریکی حکومت کی مدد سے پاکستانی یونیورسٹیوں میں قائم کیے گئے تحقیقی مراکز میں سے ایک ہے۔ یہ اقدام یو ایس پاکستان سینٹرز فار ایڈوانس اسٹڈیز کے 12 کروڑ 70 لاکھ ڈالر (17.5 ارب روپے) کے بڑے پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد پانی، توانائی، زاعت اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان کو درپیش مسائل پر اطلاقی تحقیق کے ذریعے ان کو حل کرنے کے اقدامات تجویز کرتا ہے۔
پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں امریکی حکومت کی امداد سے چلنے والے مزید پروگراموں کی تفصیل جاننے کے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے: www.usaid.gov/Pakistan