۱۵۶ پاکستانی طالبعلموں کی فلبرائٹ پروگرام پر تعلیم و تحقیق کیلئے امریکہ روانگی

اسلام آباد (۱۲ ِجولائی ، ۲۰۱۸ء)__ امریکی سفارتخانہ کے ناظم الامور جان ہوور  اور   نائب وزیر خارجہ برائے  تعلیمی و ثقافتی امور میری رائس  نے  فلبرائٹ اسکالرشپ کے تحت  اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے لئے امریکہ  روانہ ہونے والے   ۱۵۶   پاکستانی طالبعلموں سے  ملاقات  کی۔

فلبرائٹ امریکی حکومت کی طرف سے تعلیمی تبادلے کا سب سے اعلیٰ پروگرام ہے اور پاکستان  میں فلبرائٹ پروگرام  پاکستانی اور امریکی حکومت کی شرکت کی بدولت دنیا کے چند بڑے پروگراموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام میں شرکت کرنے والے پاکستانی طالب علم   ستّر   امریکی جامعات میں مختلف تعلیمی مضامین بشمول انجینئرنگ ،سماجی علوم اورانرجی مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کریں گے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ناظم الامورجان ہوورنے طالبعلموں   کو اس پُروقار تعلیمی  پروگرام کے لئے  منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام میں شرکت کرنے والے اسکالر ابھی سے یہ  بھی سوچنا شروع کردیں کہ  وہ  واپس  آنے کے بعد  پاکستان   کی ترقی میں اپنا کردار کس طرح ادا کریں گے۔انہوں کے کہا کہ آپ آئندہ جو کچھ بھی  کریں گے وہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔  امریکہ میں مختلف ذرائع سے بشمول درسی کتب،اپنے اساتذہ اور روزمرہ کی زندگی کی مشکلات سے حاصل ہونے والی   معلومات کو کیسے  معاشرے کی بہتری کے لیے  استعمال کریں گے اسی  سے  آپ کی زندگی کی راہ کا تعین ہوگا۔ اس موقع پر نائب وزیر خارجہ رائس نے امریکی صدر  کے اس عزم کا حوالہ دیا کہ  خواتین کو   معاشرے اور کامیابی کے ستون  کے طور پر  با اختیار بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امسال             فلبرائٹ پروگرام کے لئے منتخب ہونے والوں میں   ۴۶  فیصد خواتین  شامل ہیں۔   نائب وزیر نے فلبرائٹ سے ہی مستفید ہونے والی ڈاکٹر نجمہ نجم کا خصوصی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فاطمہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین  کی بنیاد رکھ کر  پاکستان میں  خواتین  رہنماؤں کی نئی کھیپ تیار کرنے  میں  مدد فراہم  کی۔

۱۹۴۶ء  سے اب تک   فلبرائٹ پروگرام نے، جو پاکستان میں یو ایس ایجوکیشن فاؤنڈیشن  کے زیر انتظام چلایا جاتا ہے، دنیا بھر سے تین لاکھ ستّر ہزار شرکاء کو تحقیق ، خیالات کو عملی جامہ پہنانے ، تدریس اور معاشرے کو فائدہ پہچانے  کا موقع فراہم کیا ہے۔ فلبرائٹ پروگرام اور پاکستان میں امریکی تعلیمی سرگرمیوں کے متعلق مزید جاننے کے لیے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں:

pk.usembassy.gov اور  usefpakistan.org