۱۵۶ پاکستانی طالبعلم فلبرائٹ پروگرام کے تحت تعلیم و تحقیق کیلئے امریکہ روانگی کے لیے تیار

اسلام آباد (۲۵ ِجولائی ، ۲۰۱۹ء)__  پاکستان سے تعلق رکھنے والے ۱۵۶  طالبعلم      معتبر تعلیمی وظیفہ فلبرائٹ اسکالرشپ حاصل کرنے کے بعد امریکہ   کی صفِ اوّل  کی جامعات  میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح کی تعلیم  حاصل کریں  گے ۔   امریکی سفارتخانہ کے ناظم الامور جان ہوور  نے   یہ وظیفہ حاصل کرنے والے امیدواروں کی قبل از روانگی تیاری کےحوالے سے  منعقدہ ایک تقریب میں اُنھیں  مبارکباد پیش کی۔

ناظم الامور جان ہوور نے کہا کہ  امریکی حکومت علم کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور اِ سی مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے  سرمایہ کاری کر رہی ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ان  پروگراموں میں کی گئی سرمایہ کاری تعلقات کی مضبوطی  عطا کرتی، استحکام کو فروغ دیتی اور باہمی  معاشی خوشحالی  کی راہ ہموار کرتی   ہے۔

فلبرائٹ ۲۰۱۹ ء کے شرکاء کا تعلق  ملک بھر کی ۴۲   جامعات   سے  ہے ، جن میں اٹھاون  فیصد خواتین بھی شامل ہیں۔   ۱۵۶ ِ  طالبعلم امریکہ کی ۸۰  سے زیادہ  جامعات میں مختلف تعلیمی مضامین بشمول انجینئرنگ ،توانائی کے انتظام و انصرام   اور سماجی علوم  کی تعلیم حاصل کریں گے۔

یو ایس  ایجوکیشن فاؤنڈیشن ا ِن پاکستان ( یو ایس اِی ایف پی )  کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر   ریٹا اختر نے کہا کہ شرکاء  کا یہ گروپ اس پروگرام کے توسط سے وہ تجربہ حاصل کرے گا جو ان کی زندگیوں کو مزید سنوار دے گا۔ انھوں نے کہا کہ ان طالبعلموں کا انتخاب میرٹ پرکیا گیا ہے نہ کہ فقط   گریڈ اور ٹیسٹ   کے نتائج  کی  بنیاد  پر،  بلکہ انھیں  میسر مواقع کی بنا پر حاصل کی جانے والی کامیابیوں کے پس منظر  کو بھی ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ یہ طالب علم   اعلی ٰ  ڈگریاں لے کر پاکستان واپس  آئیں گے اور فلبرائٹ  پروگرام کے ہمارے سابق طالبعلموں  کے ساتھ   مل کر ملک کے تقریبا ً ہر شعبے کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔

۲۰۱۳ ء کی فلبرائٹ طالبہ  شیما بی بی نے، جو اپنے خاندان اور گاؤںمیں  پی ایچ ڈی  کی ڈگری حاصل کرنے والی کی پہلی خاتون ہے،   امریکہ میں قیام اور مواقع کا بھرپور  فائدہ اٹھانے کیلئے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ کثیر الثقافتی کلاس میں بیٹھ کر وہ نہ صرف علم حاصل کریں گے بلکہ اپنی  زندگی کے تمام پہلوؤں کو فروغ دیں  گے۔

فلبرائٹ پروگرام  کے آغاز سے اب تک  ۷۱۰۰ پاکستانی اور ۹۰۰ سے زیادہ امریکی شہری یو ایس اِ ی ایف پی کے زیر اہتمام  تبادلہ پروگراموں میں شرکت کر چکے ہیں۔ فلبرائٹ کے علاوہ یو ایس اِ ی ایف پی انڈر گریجویٹس، اساتذہ، صحافیوں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد متعدد دوسرے   اسکالرشپ پروگراموں کا اہتمام بھی کرتی ہے۔ مزید معلومات کے لیے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں:

www.usefpakistan.org