اسلام آباد( مارچ ۸، ۲۰۲۱ء) ۔۔ یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشن فاؤنڈیشن اِن پاکستان (یو ایس اِی ایف پی) نے فلبرائٹ اسٹوڈنٹ مسابقتی پروگرام برائے ۲۰۲۲ءکے لیے درخواستوں کی وصولی کا اعلان کردیا ہے۔ معروف تبادلہ پروگرام فلبرائٹ امریکی محکمہ خارجہ کا اعلی تعلیمی اسکالرشپ پروگرام ہے اور ۱۶۰ ممالک میں فعال ہیں۔ پاکستان میں فلبرائٹ پروگرام ۲۰۰۵ء سے لیکر آج تک حکومت امریکہ کی مالی اعانت سے دنیا بھر میں کہیں بھی چلنے والا سب سے بڑا پروگرام ہے، جبکہ پاکستان کی حکومت بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے توسط سے اسکالرشپ پروگرام کے لیے فراخدلانہ امداد فراہم کرتی ہے۔ ہر سال لگ بھگ ایک سو پاکستانی طالبعلم ماسٹرز کی ڈگری اور پچاس دیگر پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے معروف امریکی یونیورسٹیوں میں جاتے ہیں۔
رواں سال فلبرائٹ پروگرام کا۷۵ واں یومِ تاسیس منایا جا رہا ہے، جبکہ یہ پروگرام پاکستان میں اکہتربرسوں سے فعال ہے۔ فلبرائٹ پروگرام تدریس، رہائش، انشورنس اور ہوائی سفر سمیت گریجویٹ ڈگری کے تمام اخراجات فراہم کرتا ہے۔ اپنی ڈگری کی تکمیل کے بعد فلبرائٹ شرکاء پاکستانی جامعات میں تدریس یا پھر اہم شہری اور سرکاری فرائض سر انجام دیتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور نمو میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ اسکالرشپ اہلیت کی بنیاد پر دی جاتی ہے تاہم اہلیت کو وسیع معنوں میں جانچا جاتا ہے اور یہ صرف گریڈ یا مسابقتی امتحان میں کارکردگی تک محدود نہیں ہوتا۔ درخواست فارم یو ایس اِی ایف پی کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہیں اور اس سلسلہ میں درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ ۹ جون ۲۰۲۱ ء ہے۔ اِس سال تمام درخواست گزاروں کے لیے گریجویٹ ریکارڈ ایگزامینیشن (جی آر ای) ٹیسٹ لازمی ہو گا تاہم گزشتہ سال لاگو کی جانے والی مجموعی گریڈ پوائنٹ ایورج ( سی جی پی اے) والی شرط ختم کردی گئی ہے۔
یو ایس اِی ایف پی توانائی، آبی اُمور، زراعت، صحت عامہ، تعلیم، معاشرتی سائنس، صحافت، ذرائع ابلاغ، فنون لطیفہ اور ثقافت کے نظم و نسق، شہری اور علاقائی ترقیاتی منصوبہ بندی،علوم سلامتی اور امن اور ڈیٹا سائنس کے شعبوں میں بالخصوص درخواستوں کی پزیرائی کرے گا۔ خیال رہے کہ کلینیکل میڈیسن فلبرائٹ پروگرام میں شامل نہیں ہے۔
اس موقع پر امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے کہا ہے کہ امریکی حکومت کو فروغ تعلیم کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت پر فخر ہے اور فلبرائٹ پروگرام اس شراکت کو اجاگر کرتا ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ فلبرائٹ پروگرام میں پاکستان کے متنوع معاشرہ کی نمائندگی یقینی بنانا نہایت اہمیت کا حامل ہے، جس کی بنیاد پر ہم خواتین، معذور افراد، دُور افتادہ اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طالبعلموں کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
اس موقع پر یو ایس ای ایف پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا اختر نے پروگرام میں شرکت کی اہلیت اور اور دلچسپی کے حامل تمام افراد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اِس معیاری پروگرام میں درخواست دینے پر غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلبرائٹ پرگرام کے شرکاء کا تعلق پاکستان کے سب علاقوں سے ہوتا ہے۔ تعلیمی سال ۲۰۲۱ء کے گروپ کا انتخاب ۳۸ مختلف یونیورسٹیوں سے کیا گیا تھا۔ کامیاب امیدواروں میں کچھ حالیہ گریجوئیٹ، دیگر ملازمت پیشہ افراد اورگزشتہ کچھ عرصہ سے مجموعی شرکاء کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ یو ایس ای ایف پی ۱۹۵۰ء میں ریاستہائے متحدہ امریکہ اور پاکستان کی حکومت کی جانب سے قائم کیا گیا دوقومی کمیشن ہے، جس کے قیام سے لیکر اب تک ۹۰۰۰ سے زیادہ پاکستانی اور ۹۳۵ کے لگ بھگ امریکیوں نے یو ایس ای ایف پی کے زیر انتظام تبادلہ پروگراموں میں شرکت کی ہے۔ کمیشن کا نصب العین تبادلہ پروگراموں کے توسط سے پاکستان اور امریکہ کے لوگوں کے درمیان افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہے۔
####