اسلام آباد ( ۱۷ جون ۲۰۲۱ )۔۔ قائد اعظم یونیورسٹی کے افریقہ، شمالی اور جنوبی امریکہ کے لئے ایریا اسٹیڈیز سنٹر اور اسلام آباد میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے سفارتخانہ کے زیر اہتمام دو روزہ ورچوئل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان تھا پاکستان میں امریکی عُلوم، درپیش مشکلات اور اُن کا حل ۔
کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان میں امریکی علوم کی ترویج کے بارے میں اِظہار خیال کیا جبکہ دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطہ کے فروغ اور پاک امریکہ باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے میں ایسی تعلیمی سرگرمیوں کی افادیت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد علی نے اپنے خطاب میں امریکی سفارتخانہ کی جانب سے پاکستان میں مختلف جامعات کے ساتھ اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعہ اعلی تعلیمی روایات کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکـ امریکہ بدلتے تعلقات اور خطہ کی علاقائی سیاسی صورتحال میں رُونما ہوتی ہوئی تبدیلی کے پس منظر میں ایریا اسٹیڈیز سینٹر اور امریکی سفارتخانہ کی جانب سے اس کانفرنس ک انعقاد ایک بروقت قدم ہے۔
امریکی سفارتخانہ کے ناظم الاُمور لیزلی ویگرری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کی کانفرنسوں کے ذریعہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات مزیدوسعت اختیار کرینگے۔ انہوں کے کہا کہ امریکی علوم کے مضمون کو فروغ دے کرہم دراصل دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان مفاہمت کو فروغ دے رہے ہیں اور ایک دوسرے سے رابطے اور تبادلہ خیالات کے ذریعہ ہم اپنے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کر رہے ہیں۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے اپنے صدارتی کلمات میں پاکستانیوں کے لیے بہترین تعلیمی سہولیات کے فروغ کے لیے امریکی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ سے ہماری دیرینہ باہمی شراکت کے پس منظر میں یہ کانفرنس نہایت اہم ہے کیونکہ ایسی علمی سرگرمیاں ہمارے طالبعلموں کو امریکہ کے ساتھ رابطہ کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
کانفرنس میں پاکستان اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے مختلف دانشوروں نے شرکت کی، جس میں امریکی علوم کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں چھ نشستیں شامل تھیں، بشمول پاکستان میں امریکی معاشرتی۔معاشی حکمت عملیاں، امریکی حکومت اور سیاست ۔پاکستان کے لیے نمونہ، پاکستان کے لیے تاریخی امریکی تجربات اور مثالیں ،پاکستان میں ادب،ثقافت اور امریکی تعلیم، جُنوبی ایشیا میں امریکی خارجہ اور سلامتی پالیسی – پاکستان کے نقطہ نظر کا تجزیہ اور پاکستان میں امریکی علوم کی حالیہ صورتحال، درپیش مشکلات اور اُن کا حل۔
کانفرنس کا اختتام معاشرتی علوم فیکلٹی کے سربراہ پروفسر محمد ادریس اور امریکی سفارتخانہ کے منسٹر قونصلر برائے تعلقات عامہ ریمنڈ کاسٹیلو کی جانب سے الوداعی کلمات پر ہوا۔