اسلا م آباد (۲۲ ِستمبر ، ۲۰۱۶ء) __امریکی سفارتخانہ اور انٹرنیشنل ایجوکیشن اینڈ ریسورس نیٹ ورک (آئی ای اے آر این) پاکستان کے عملےنے حال ہی میں امریکی جامعات بشمول ہارورڈ، امریکن یونیورسٹی اور اسمتھ کالج میں سمر سسٹرز ایکسچینج پروگرام میں شرکت کرکے واپس آنیوالی ۱۹ طالبات کو خوش آمدید کہا۔ ۱۵ سے ۱۸ سال عمر کی ان طالبات نے موسم گرما سائنس، قیادت اور بین الاقوامی امور کا مطالعہ کرنے میں صرف کیا۔
امریکی سفارتخانہ کے ڈپٹی کلچرل افیئرز آفیسر ماؤرین ممنا نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ اس پروگرام کو اس لئے مالی اعانت فراہم کرتا ہے کیونکہ اس کے نزدیک صنفی یا معاشی پس منظر سے قطع نظر تمام بچے اپنے معاشروں کی قیادت کرنے کی استعداد کے حامل اور معیاری تعلیم کے مستحق ہوتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ میں یہ دیکھنے کا منتظر ہوں کہ اس پروگرام کے شرکاء اپنی اپنی آبادیوں میں دوسرے بچوں کو متاثر کریں اور اپنی نئی حاصل کردہ قائدانہ مہارتوں کو بروئے کار لائیں۔
سمر سسٹرز انسٹیٹیوٹ کا، جس کا آغاز پاک۔امریکہ ویمنز کونسل نے ۲۰۱۳ء میں کیا تھا، مقصد غیر مراعات یافتہ پس منظر رکھنے والی پاکستانی طالبات کو نادر تعلیمی تجربہ اور رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ ۲۰۱۳ء سے لے کر اب تک کل ۴۲ پاکستانی لڑکیا ں اس تبادلہ پروگرام میں شرکت کر چکی ہیں۔
آئی ای اے آر این پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فرح کمال نے کہا کہ سمر سسٹرز جیسے تبادلہ پروگرام جامع، خصوصی ساخت کے حامل اور مؤثر ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے طالبات عمر بھر کی دوستیاں قائم کرتی ہیں اور دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کیلئے علم اورجوش و جذبہ حاصل کرتی ہیں۔
امریکن یونیورسٹی کے کمیونٹی آف اسکالرز پروگرام برائے ۲۰۱۵ء میں شرکت کرنے والی طالبہ کائنات کنول نے کہا کہ سمر سسٹرز ان کی زندگی میں آنے والا بہترین موسم گرما تھا۔ انھوں نے کہا کہ مجھے خاص طور پر اپنے امریکی دوستوں کے ہمراہ سماجی خدمت کے کام میں شرکت کرکے بہت خوشی ہوئی اور وطن واپسی پر میں نےسیالکوٹ میں ماؤں اور بچوں کیلئے حفظان صحت کا مرکز قائم کرکے ان رضاکارانہ مہارتوں کواستعمال کیا۔
سمر سسٹرز ایکسچینج پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کی اعانت سے جاری متعدد تبادلہ پروگراموں میں سے ایک ہے۔ ہر سال ۱۳۰۰ سے زیادہ پاکستانی تعلیمی اور پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں کے تحت امریکہ جاتے ہیں۔
امریکی اعانت سے جاری تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کےبارے میں مزید معلومات کیلئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں: https://www.eca.state.gov.