30 اپریل 2019ء
رابطہ: کرش داس
فون نمبر: 35275000-021
برائے فوری اجرا
مومینٹم کانفرنس 2019، پاکستان کے آئی سی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لیے امریکی حکومت کی کوششیں
کراچی 30 اپریل 2019ء: امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر نے مومینٹم کانفرنس 2019ء کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کے پروگرام اسمال اینڈ میڈیم اینٹرپرائزز ایکٹویٹی (SMEA) کے ذریعے پاکستان کے انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی(ICT) سیکٹر کے فروغ کے لیے امریکی حکومت کے نمایاں اقدامات کا جائزہ پیش کیا۔
‘‘مومینٹم’’ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق ہونے والی بڑی کانفرنسوں میں سے ایک ہے۔ گزشتہ 2 سال سے کراچی میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس نئی کمپنیوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کی کمپنیوں (SMEs) اور پاکستان کے آئی سی ٹی سیکٹر میں اپنے بزنس سے نمایاں تبدیلیاں لانے والے بڑے اداروں کو ایک جگہ جمع کرتی ہے۔ اس کانفرنس کی اہم خصوصیت امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی شرکت ہے جن میں امیزون ویب سروس، فیس بک، مائیکرو سافٹ اور گوگل جیسی بڑی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ مسلسل دوسرے برس یو ایس ایڈ ایس ایم ای اے نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی۔
امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘یو ایس ایڈ کی سائنس، ٹیکنالوجی، انوویشن اینڈ پارنرشپ (STIP) کی حکمت عملی دنیا بھر میں سائنسی دریافتوں، تکنیکی استعداد کاری، مؤثر اختراعات اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داریوں کے نفاذ اور فروغ میں مدد دیتی ہے۔ امریکی حکومت پاکستان میں سماجی و معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی کے استعمال میں مدد فراہم کررہی ہے۔’’
یو ایس ایڈ ایس ایم ای اے کے تحت پاکستان میں چھوٹے کاروباروں کے ذریعے معاشی ترقی میں معاونت کررہا ہے جس سے روزگار کے مواقع بڑھانے، اپنا بزنس کرنے کی حوصلہ افزائی اور مجموعی قومی پیداوار میں اضافے میں مدد مل رہی ہے۔ امریکی حکومت پاکستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے لوگوں کی آمدن اور روزگار کے مواقع بڑھانے، چھوٹے صنعت کاروں کی رہنمائی، تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے اور منافع بخش کاروبار کے مواقع میں اضافے کا طویل مدتی عزم رکھتی ہے، ایس ایم ای اے اس سلسلے میں نجی شعبے کے ذریعے معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں کوشاں ہے۔ ایس ایم ای اے پاکستان کے آئی سی ٹی جیسے شعبوں میں چھوٹی کمپنیوں کی مالیاتی اور عملی کارکردگی بڑھانے میں بھی مدد دے رہا ہے۔ ایس ایم ای اے اپنے چیلنج فنڈ کے ذریعے پاکستان میں چھوٹے کاروباروں کو درپیش مسائل کے اختراعی، پائیدار اور قابل عمل حل کے لیے مالی معاونت بھی فراہم کررہا ہے۔
پاکستان میں یو ایس ایڈ کے مزید پروگراموں کے بارے میں جاننے لیے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔ www.usaid.gov/Pakistan