اسلام آباد ( ۱۴ جولائی ۲۰۲۲ء)- پاکستان میں کسی بھی یونیورسٹی کے پہلے دورے کے موقع پر امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلَوم نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ریکٹر ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل انجنیئر جاوید محمود بخاری کے ساتھ پاکستان میں ایک اور لنکن کارنر کا افتتاح کیا۔تقریب کے دوران امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور نسٹ کے نمائندوں نے آئندہ دو سالوں کے دوران لنکن کارنر کے انتظام و انصرام کےبارے میں ایک مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کیے۔سفیر بلَوم نے پاک-امریکہ سینٹر فور ایڈوانسڈ اسٹیڈیز ۱ِن انرجی کا بھی دورہ کیاجو کہ ابتدائی طور پر تین کروڑ ڈالر کی امریکی حکومت کی اعانت سے قائم کیا گیا تھا۔ اس موقع پر سفیر بلَوم نے نسٹ اور پاکستان کے ساتھ امریکی تعاون کو اُجاگر کیا۔
یہ شراکت پاکستان میں امریکی مشن کے اس عزم کا اظہار ہے کہ طالبعلموں اور اساتذہ کو امریکی وسائل، مہارتوں اور اشتراک کے مواقع فراہم کرتے ہوئے مُلک میں تعلیم کو مسلسل فروغ دیا جائے ۔ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران امریکہ نے نسٹ کے ساتھ ٹیکنالوجی اِنکوبیٹر کے قیام، کانفرنسوں کے انعقاد، مقررین کی آمد، اور تقریبا ًدو سو وظائف کی فراہمی میں معاونت کی ہے۔ اس کے علاوہ ۳۶۰ سے زائد امریکی ایکسچینج پروگرام کے سابق طلباء نسٹ سے وابستہ رہے ہیں۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سفیر ڈونلڈ بلَوم نے کہا کہ رواں سال امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کی پچہترویں سالگرہ ہے۔ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان عوام کے آپس میں قائم تعلقات ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں اور اس نئے لنکن کارنر کا افتتاح اُن تعلقات میں مزید پیشرفت کا باعث بنے گا۔امریکی سفارتخانہ کو تعلیمی اداروں اور حکومت پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت پر فخر ہے تاکہ پاکستانی نوجوانوں کو اکیسویں صدی کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار کیا جا سکے۔
امریکی سفارت خانہ کے نمائندوں نے نسٹ کی قیادت ،اساتذہ اور طالبعلموں کے ساتھ پاکستان میں اس نئے لنکن کارنر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جو پاکستان میں موجود اٹھارہ لنکن کارنرز میں سے ایک ہے۔ واضح رہے کہ لنکن کارنر کی میزبانی کرتے ہوئے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی پاکستان میں امریکی مشن اور معروف پاکستانی تعلیمی اور ثقافتی اداروں کے درمیان قائم ایک مضبوط شراکت داری کے سلسلہ میں شامل ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ لنکن کارنرز تقریبات کے مقامات اور وسائل سے آراستہ ایسے مراکز ہیں جو نوجوان رہنماؤں کو امریکہ سے جوڑتے ہیں۔ یہ کارنرز آن لائن اور شخصی شرکت کے حامل تعلیمی پروگراموں کی میزبانی کرے گا بشمول سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھ میٹکس (ایس ٹی ای ایم) پروگراموں کے۔جدید سہولیات سے آراستہ یہ لنکن کارنر نسٹ کیمپس کی سنٹرل لائبریری میں قائم کیا گیا ہے اور اس کے اندر تھری ڈی پرنٹر اور ورچوئل ریئلٹی ہیڈ سیٹ سے لیس ایک میکر اسپیس، کتابوں اور جرائد کاجامع مجموعہ، امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے سے متعلق ذرائع، ڈیجیٹل معلوماتی وسائل اور امریکہ سے متعلق موضوعات پر مبنی تقریبات کی جگہ موجود ہے۔
لنکن کارنر کے بارے میں مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری امریکی سفارت خانہ کی ویب سائٹ یا لنکن کارنر پاکستان کا فیس بک پیج ملاحظہ کریں۔آج کی تقریب کی معیاری تصاویر ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے براہ کرم فلکر پر ہمارا صفحہ دیکھیں۔ لنک