کراچی۔پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کراچی میں قائم ہونے والی نئی امریکی لائبریری کا افتتاح کیا۔ ’لنکن کارنر‘ کے نام سے لیاقت میموریل لائبریری میں قائم ہونے والی یہ لائبریری پاکستان کی سب سے بڑی امریکی لائبریری ہے۔افتتاحی تقریب میں قونصل جنرل برائن ہیتھ،وزیر اعلیٰ سندھ کی اسپیشل اسسٹنٹ برائے ثقافت و سیاحت شرمیلا فاروقی اور ڈائریکٹر لیاقت میموریل لائبریری بشیر احمد ابڑوبھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ پاکستان بھر میں قائم امریکی لائبریریوں کے ذریعے پاکستانی شہری امریکی معاشرےاور امریکی عوام کے بارے میں اپنی معلومات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ ان لائبریریوںمیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے ذریعے پاکستانی شہری اپنی انگریزی بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ڈیوڈ ہیل کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ذریعے امریکی حکومت پاکستانی اور امریکی عوام کو قریب لانےکی کوششیں کر رہی ہے۔تعلیم کے ذریعے ہی دونوں ملکوں کے درمیان رشتوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
2012سے امریکی قونصل خانے کراچی اور حکومت سندھ کے محکمہ ثقافت کے درمیان جاری شراکت داری کے ذریعے کراچی، حیدرآباد،خیرپور اور لاڑکانہ میں امریکی لائبریریوں کا قیام ممکن ہوا ہے۔
کراچی کی لیاقت میموریل لائبریری میں قائم کیے جانے والے ’لنکن کارنر ‘میں کمپیوٹرز،مفت وائی فائی،میٹنگ روم ، پرفارمنس ایریا اور بچوں کیلیے مختص جگہ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ لائبریری آنے والے افراد کتابوں، رسائل اور ڈی وی ڈیز مفت استعمال کر سکتے ہیں۔
’لنکن کارنر ز‘لائبریریاں امریکا کے 16ویں صدر ابراہم لنکن کے نام سے منسوب ہیں اور امریکا کے بارے میں مستند معلومات کا اہم ذریعہ ہیں۔دنیا بھر میں اس وقت700’لنکن کارنر ز‘ قائم ہیں جبکہ پاکستان میں ان کی تعداد 18ہے۔صوبہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، خیرپور اور لاڑکانہ جبکہ ملک بھر میں اسلام آباد، راولپنڈی، مظفرآباد،پشاور،بہاولپور، فیصل آباد،سرگودھا،ملتان،خیرپور،لاڑکانہ اور اسکردومیں یہ لائبریریاں موجود ہیں۔طلبا اور اساتذہ ان لائبریریوں میں موجود سہولیات سےمفت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔