کوئٹہ میں امریکی لائبریری ’لنکن کارنر‘ کا افتتاح

آدمی ایک پوڈیم سے خطاب کرتے ہوئے

پاکستان میں متعین امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے بلوچستان یونیورسٹی لا کالج میں امریکی حکومت کے تعاون سے قائم ہونے والی لائبریری ’لنکن کارنر‘ کا افتتاح کیا۔ رچرڈ اولسن نے لائبریری کیلیے 150 کتابوں کا تحفہ بھی دیا۔ اس موقع پر بلوچستان یونیورسٹی لا کالج کے وائس چانسلر جاوید اقبال اور پرنسپل امان اللہ اچکزئی بھی موجود تھے۔

امریکی لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ ’مجھے بلوچستان میں پہلے ’لنکن کارنر‘ کا افتتاح کر کے بے انتہا خوشی ہوئی ہے۔ ’لنکن کارنرز‘ لائبریریوں کے ذریعے امریکا اور پاکستان کے عوام کو قریب لایا جا رہا ہے۔’ امریکی سفیر نے مزید کہا کہ ’ملک بھر میں قائم ’لنکن کارنرز‘  صرف لائبریریاں ہی نہیں بلکہ عوامی رابطوں کے مراکز ہیں۔ ’لنکن کارنر‘ کوئٹہ کے ذریعے امریکی قونصل خانے کو بلوچستان کے عوام سے رابطوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔‘

کوئٹہ میں لائبریری کا قیام بلوچستان میں جاری امریکی حکومت کے بے شمار تعلیمی اور معاشی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) بلوچستان کے 8 اضلاع میں کسانوں کو پیداوار میں اضافے کیلیے معاونت فراہم کر رہا ہے جبکہ پشین کی کپڑے کی صنعت سے وابستہ 2 ہزار گھریلو خواتین کو منڈیوں تک رسائی کے ذریعے آمدنی میں اضافے کیلیے تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ امریکی حکومت کی جانب سے زراعت اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں بلوچستان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز کوئٹہ کے طلبا کو اسکالرشپس فراہم کی جارہی ہیں جبکہ بلوچستان کے باصلاحیت طلبا کو اعلیٰ تعلیم کیلیے امریکا بھی بھیجا جا رہا ہے۔ اس سال بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 17 طلبا نا صرف امریکی کمیونٹی کالجز میں تکنیکی تعلیم حاصل کریں گے بلکہ امریکا میں پاکستان کے ثقافتی سفیر کا کردار بھی ادا کریں گے۔

’لنکن کارنرز‘ لائبریریاں امریکا کے 16ویں صدر ابراہم لنکن کے نام سے منسوب ہیں اور امریکا کے بارے میں مستند معلومات کا اہم ذریعہ ہیں۔ دنیا بھر میں اس وقت 700 ’لنکن کارنرز‘ قائم ہیں جبکہ پاکستان میں ان کی تعداد 16 ہے۔ صوبہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، خیرپور اور لاڑکانہ میں یہ لائبریریاں موجود ہیں۔ طلبا اور اساتذہ ان لائبریریوں میں موجود سہولیات سے مفت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

پاکستان میں قائم ’لنکن کارنر‘ لائبریریوں کے بارے میں مزید جاننے کیلیے وزٹ کیجئے